وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں نئے منتخب کابینہ ساتھیوں سے ملاقات کی

وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں نئے منتخب کابینہ ساتھیوں سے ملاقات کی

وزرأ کو مُبارک باد دِی اورجموںوکشمیر کے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں ان کے کردار پر اعتماد کا اظہار کیا

سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں اپنی کابینہ کے نئے منتخب ساتھیوں کے دفاتر کا دورہ کیا۔اُنہوں نے وزرأ کو عہدہ سنبھالنے پر مُبارک باد دیتے ہوئے ان کی مدتِ کار کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔وزیر اعلیٰ نے تمام نئے منتخب وزرأ کے دفاتر میں جاکر ان سے ملاقات کی اور علی محمد ساگر، سیف اللہ میر، شمیم فردوس اور الطاف احمد وانی کو مُبارک باد دِی۔ اُنہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ وہ اَپنی ذِمہ داریاں پوری لگن کے ساتھ انجام دیں گے اور مؤثر طرزِ حکمرانی اور جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی میں اَپنا کردار اَدا کریں گے۔وزیراعلیٰ نے اِجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے میں وزرأ کے کردار کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ان کا تجربہ اور عزم عوام کی اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے حکومت کی کوششوں کو مزید تقویت دے گا۔کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزرأ نے وزیر اعلیٰ کے دورے اور حوصلہ اَفزا کلمات پر اُن کا شکریہ اَدا کیا ۔اُنہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں مل جل کر کام کریں گے تاکہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جا سکے۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کے ہمراہ نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری، وزرأ سکینہ اِیتو اور جاوید احمد ڈار،وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی ، ڈائریکٹر اسٹیٹس کشمیر محمد اشرف حکاک اور دیگر سینئر اَفسران و ملازمین موجود تھے۔اِس سے قبل آج لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے لوک بھون میں نئے منتخب وزرأسے عہدے کا حلف لیا۔