Controversial statement regarding Arpar Jammu and Kashmir, case filed against assembly member in Kerala

آرپار جموں وکشمیر سے متعلق متنازعہ بیان ،کیرالہ میں رُکن اسمبلی کیخلاف مقدمہ درج

سری نگر//کیرالہ کی ایک عدالت کی ہدایت کے بعد جموں و کشمیر اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر پر متنازع بیان دینے والے سابق وزیر و ایل ڈی ایف کے رُکن اسمبلی کے ٹی جلیل کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق کیرالہ پولیس نے بدھ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے بارے میں رُکن اسمبلی کے ٹی جلیل کے متنازع ریمارکس پر کیرالہ کی ایک عدالت کی ہدایت کے بعد یہاں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ منگل کو درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق، 55 سالہ جلیل پر آئی پی سی کی دفعہ 153 (اے) ،آئی پی سی (مختلف گروپوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا اور خیر سگالی کے خلاف کام کرنا، اور امن و امان کو بگاڑنے) اور نیشنل آنر کی توہین کی روک تھام ایکٹ،1971کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ضلع پٹھانم تھیٹا کے تریولا میں فرسٹ کلاس جوڈیشل مجسٹریٹ کورٹ نے ایس ایچ او کیزوائی پور پولیس اسٹیشن کو ہدایت دی تھی کہ وہ جلیل کے خلاف مقدمہ درج کریں اور معاملے کی تحقیقات کریں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کیرالہ کے سابق وزیر اور حکمراں ایل ڈی ایف ایم ایل اے کے ٹی جلیل نے12 اگست کو جموں و کشمیر کو بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کو ’آٓزاد کشمیر‘ کے طور پر بیان دیا تھا۔ جلیل نے یہ تبصرہ اپنے دورہ کشمیر کے حوالے سے فیس بک پوسٹ میں کیا تھا۔ملیالم میں لکھی گئی پوسٹ میں، کیرالہ کے ایم ایل اے نے کہا تھا کہ پاکستان سے منسلک کشمیر کا حصہ’آزاد کشمیر‘ کے نام سے جانا جاتا تھا اور یہ ایک ایسا علاقہ تھا جہاں پاکستانی حکومت کا براہ راست کنٹرول نہیں ہے۔ جلیل، جو پچھلی سی پی آئی (ایم) کی قیادت والی ایل ڈی ایف حکومت میں وزیر تھے، نے کہا کہ جموں اور کشمیر (بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر) جموں، کشمیر وادی اور لداخ کے کچھ حصوں پر مشتمل ہے۔