جموں//لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے پیر کو مڑھ میں جدید ترین بابا جیتو انڈور اسٹیڈیم اور جوڑیاں اکھنور میں انڈور اسپورٹس اسٹیڈیم کا افتتاح کیا ۔ کھیلوں کی سہولیات کو نوجوانوں کیلئے وقف کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ جدید شوٹنگ رینجز اور ورسٹائل انڈور کورٹس سے لیس نئے انڈور اسپورٹس اسٹیڈیم بہترین کارکردگی کی حوصلہ افزائی کرنے اور آنے والے کل کے چیمپئنز کو فروغ دینے کیلئے بنائے گئے ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر کھیلوںکے پاور ہاوس کے طور پر ابھر رہا ہے جہاں عالمی معیار کی سہولیات اب بڑے شہروں تک محدود نہیں ہیں بلکہ نچلی سطح تک پہنچ رہی ہیں ۔ انہوں نے ورچوئل موڈ کے ذریعے مڑھ اور اکھنور کے نوجوانوں سے بھی بات چیت کی اور کھیلوں کی ترقی میں شمولیت کو یقینی بنانے اور نوجوان امیدواروں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے سماج کے تمام طبقوں بالخصوص خواتین اور نوجوانوں سے ’’ نشہ مکت جموں کشمیر ‘‘ کی تحریک کی قیادت کرنے پر زور دیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ منشیات کے استعمال کی اطلاع دیں اور متاثرین کی بحالی میں فعال طور پر تعاون کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور سول انتظامیہ منشیات کی سمگلنگ کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کیلئے انتھک محنت کر رہی ہے ۔ انڈور اسپورٹس اسٹیڈیم جو ضلع انتظامیہ جموں نے ایچ ڈی ایف سی بینک کے تعاون سے اپنے سی ایس آر اقدام کے تحت تیار کئے ہیں ، عالمی معیار کی سہولیات سے آراستہ ہیں ۔ ان میں رائفل شوٹنگ کی ایک جدید رینج ، اعلیٰ معیار کے بیڈ منٹن اور ٹیبل ٹینس کورٹ ، کیرم اور شطرنج جیسے انڈور گیمز کیلئے مخصوص کمرے اور نوجوانوں اور مقامی لوگوں کیلئے جدید سہولیات سے لیس ایک ریڈنگ روم شامل ہیں ۔
لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ، ڈویژنل کمشنر جموں ، ڈپٹی کمشنر جموں ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جموں اور ایچ ڈی ایف سی بینک کے نمائندوں نے لوک بھون میں افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔ اس موقع پر ممبر قانون ساز اسمبلی مڑھ مسٹر سریندر بھگت ، ممبر قانون ساز اسمبلی اکھنور مسٹر موہن لال بھگت ، سینئر حکام ، ممتاز شہری اور مڑھ اور جوڑیاں کے مقامی لوگ بھی ورچوئل موڈ کے ذریعے شامل ہوئے ۔










