آرونی بجبہاڑہ میں دوران شب دلخراش سڑک حادثہ

بجبہاڑہ،کپوارہ//ضلع کپوارہ سے تعلق رکھنے والے شمالی کشمیرکے معروف مبلغ حاجی تنویر احمد قریشی جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سری نگر جموں شاہراہ پر ایک المناک حادثے میں ہلاک ہو گئے جبکہ گاڑی میں سوار اُن کے 3 ساتھی زخمی ہو گئے۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک کار آلٹوکار زیررجسٹریشن نمبر JK15-0193 دوران شب 2بجے کے قریب اروانی بجبہاڑہ کے نزدیک ڈرائیورکے کنٹرول سے باہرہوکرسڑک سے پھسل کر ایک (سڑک) ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔پولیس نے بتایا کہ واقعے میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور 3 دیگر زخمی ہوئے۔اس المناک سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت معروف مبلغ حاجی تنویر احمد قریشی ولد فضل القریشی ساکنہ کرناہ کپواڑہ حال سکونت بمہامہ کپواڑہ کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ زخمیوں میں امتیاز احمد میر ولد عبدالجبار میر ساکن ترہگام کپواڑہ، شہزاد احمد بٹ ولد غلام احمد بٹ ساکنہ لولاب کپواڑہ اور عمر خان ولد محمد شریف خان ساکنہ ڈولی پورہ ہندواڑہ شامل ہیں۔ پولیس ذرائع نے مزید کہا کہ تمام زخمیوں کو علاج کے لئے ایس ایم ایچ ایس اسپتال سری نگر منتقل کیاگیا ہے۔اس دوران معلوم ہوا کہ امتیاز احمد میر کی حالت اسپتال میں بدستور تشویشناک ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ متوفی حاجی تنویر قریشی ایک ممتاز مبلغ اور سرحدی ضلع میں تبلیغی جماعت کے نمایاں حلقوں میں سے تھے۔متوفی کے آبائی ضلع کپوارہ میں یہ المناک خبرپہنچنے کے بعد اداسی چھائی ہوئی ہے یہاں تک کہ لوگوں کو بہامہ کپوارہ میں متوفی کی رہائش گاہ کے باہربڑی تعدادمیں جمع ہوگئے ۔