school closed

آج سے ٹنل کے آرپار تمام پرائمری اسکول بند

شدید سردی کے پیش نظر 10ویں تک چھٹیاں جلد شروع ہوں:والدین کی اپیل

سری نگر// محکمہ اسکولی تعلیم کی جانب سے حال ہی میں جاری شیڈول کے مطابق آج یعنی یکم دسمبر سے کشمیروادی کیساتھ ساتھ جموں کے سرمائی زون والے علاقوںمیں پانچویں جماعت تک زیرتعلیم طلباء وطالبات کی سرمائی تعطیلات شروع ہوجائیں گی ،اور آج سے28فروری2023تک ٹنل کے آرپار تمام سرکاری اورپرائیویٹ تعلیمی ادارے بند رہیں گے ۔اس دوران والدین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ کشمیر وادی میں شدیدسردی کے بڑھتے زور کے پیش نظر کم سے کم10ویں تک زیرتعلیم طلبہ کیلئے اعلان کردہ سرمائی تعطیلات کے شیڈول پر نظرثانی کرکے چھٹیاں جلد شروع کی جائیں ۔جے کے این ایس کے مطابق حکومت کی جانب سے گزشتہ ہفتے مرحلہ وار سرمائی تعطیلات سے متعلق جاری شیڈول کے مطابق آج یعنی یکم دسمبر سے پوری کشمیر وادی کیساتھ ساتھ خطہ چناب کے تحت آنے والے کم سے کم تین اضلاع ڈوڈہ ،کشتواڑ اوررام بن میں تمام پرائمری اسکولوں یعنی پانچویں جماعت تک زیرتعلیم طلباء وطالبات کی سرمائی تعطیلات شروع ہوجائیں گی جبکہ شیڈول کے مطابق چھٹی سے آٹھویں جماعت تک زرتعلیم طلبہ کی سرمائی چھٹیاں12دسمبر سے اورنویں ودسویں جماعت میں زیرتعلیم طلبہ کی سرمائی چھٹیاں 19دسمبر سے شروع ہونگی ،اور یہ سرمائی تعطیلات اگلے سال28فروری تک جاری رہنے کے بعدیکم مارچ2023کوکم وبیش اڑھائی مہینوںکی سرمائی چھٹیوںکے بعد پھر تمام اسکول کھل جائیں گے ۔یاد رہے تعلیمی وامتحانی میں کی گئی تبدیلی کے تحت کشمیر وادی اور خطہ چناب میں قائم تمام اسکولوں میں زیرتعلیم پرائمری یاہائی سطح کے طلباء و طالبات کے سالانہ امتحانات مارچ2023میں منعقد کئے جائیں گے ،جسکے پیش نظر تمام سرکاری اسکولوںمیں تعینات اساتذہ سے کہاگیاہے کہ وہ سرمائی تعطیلات کے بعد20فروری 2023کوڈیوٹیوں پر حاضر ہوجائیں تاکہ وہ امتحانات کی تیاریوںکووقت پر مکمل کرسکیں ۔اس دوران والدین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ کشمیر وادی میں خشک موسم کے چلتے شدید سردی اور صبح کے وقت پڑنے والی گہری دھند کوملحوظ نظر رکھتے ہوئے دسویں جماعت تک کیلئے اعلان کردہ سرمائی تعطیلات کے شیڈول پر نظرثانی کرکے جلدی چھٹیاں شروع کی جائیں ۔انہوںنے حکام پر زور دیا کہ وہ کم از کم10ویں جماعت تک کے طلباء کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کو جلدشروع کریں کیونکہ وادی کشمیر کے تعلیمی اداروں میں شدید سردی اور گرمی کے انتظامات کی عدم موجودگی کے پیش نظرطلبہ کوسخت پریشانیوںکا سامنا کرناپڑرہاہے اوراُن کی صحت پر شدیدسردی کے منفی اثرات پڑرہے ہیں۔والدین کاکہناتھاکہ ہم حکام سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ کم از کم دسویں جماعت تک زیرتعلیم طلبہ کیلئے جاری سرمائی تعطیلات کے شیڈول پر نظرثانی کرکے جلدی چھٹیاں شروع کریں۔