جموں//اِنتظامی کونسل کی ایک میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں مختلف عوامی مقاصد کے لئے زمین کی منتقلی کے لئے مختلف محکموں کی تجاویز کو منظوری دی۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ،چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری نے شرکت کی۔اِنتظامی کونسل نے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو بڑھانے کے لئے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے حق میں اَراضی منتقل کی۔ اِنتظامی کونسل نے 315ایم وی اے، 132/220کے وِی جی آئی ایس گرڈ سب سٹیشن کی تعمیر کے لئے گائوں پوہر وپٹھ تحصیل لنگیٹ ضلع کپواڑہ میں واقع 42 کنال 15مرلہ ، 11/33 سب سٹیشن کی تعمیر کے لئے گائوں نور پورہ تحصیل اونتی پورہ ضلع پلوامہ کے لئے 2 کنال اراضی،اسی طرح ایک کنال 10مرلہ گائوں اوڈینا تحصیل سنبل ضلع بانڈی پورہ میں3.15 ایم وِی اے11/33کے وِی سب سٹیشن کی تعمیرکے لئے اراضی منتقل کی گئی۔ اس ریسونگ سٹیشن سے پی ایم پیکیج ملازمین ٹرانزٹ رہائش کو بجلی فراہم کی جائے گی۔ مزید یہ کہ اِنتظامی کونسل نے 80 کنال 4مرلہ ( ضلع سری نگر میں 20 کنال اور گائوں رنبیر پورہ ضلع اننت ناگ میں 60کنال 4مرلہ ) اراضی کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ ریلیف ، بحالی اور تعمیر نو( ڈی ایم آر آر آر ) کے حق میں وزیر اعظم پیکیج کے تحت تعینات کشمیری مائیگرنٹ ملازمین کے لئے ضلع سری نگر اور اننت ناگ میں ٹرانزٹ رہائش کی تعمیر کے لئے منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔










