سری نگر//اَمرسنگھ کالج سری نگر اور کلسٹر یونیورسٹی سری نگر نے ویجی لنس اور شفافیت کو فروغ دینے کی کوشش میں’ ویجی لنس بیداری ہفتہ ‘ منانے کے لئے اِنٹرکالج مباحثے اور مصوری مقابلے کا اِنعقاد کیا جس کا موضوع ’’ رشوت سے احتراز کرو اور قوم کی خدمت کرو‘‘ تھا۔صوبہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے بارہ کالجوں نے حکومتی اَمور میں شراکتی ویجی لنس اور شفاف میکانزم کی اہمیت پر تبادلہ خیال اور اِظہار کرنے کے لئے مقابلے میں حصہ لیا۔پروگرام کا آغاز پروفیسر حنا امین کنوینر ڈیبیٹس، سیمینارز، ورکشاپس اور کانفرنسز کمیٹی اور ڈین ہیومینٹیز اینڈ لبرل آرٹس امر سنگھ کالج نے رسمی تعارف سے کیا جنہوں نے تاثیر ہال میں منعقدہ تقریب میں حاضرین کا خیرمقدم کیا۔اُنہوں نے ’’ نو کورپشن‘‘ کے موضوع اور روزمرہ کی زندگی میں اِس موقعہ کی اہمیت پر زور دیا۔پرنسپل اَمر سنگھ کالج اور نوڈل پرنسپل کشمیر ڈویڑن کالجزپروفیسر (ڈاکٹر) شیخ اعجاز بشیرنے خطبہ اِستقبالیہ پیش کیا۔پروفیسراعجازنے تمام شرکأکا والہانہ خیرمقدم کیا اور گورننس میں ویجی لنس اور شفافیت کے بارے میں بیداری کو فروغ دینے میں تعلیمی اِداروں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے تقریب کے مرکزی موضوع پر توجہ مرکوز کی جس میں وضاحت ، بصیرت اور موضوع کی گہری تفہیم کی نشاندہی کی گئی تھی۔پروگرام میں اِس تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل سپر اِنٹنڈ نٹ آف پولیس اجے کمار راؤ بھی موجود تھے جنہیں پرنسپل نے ویجی لنس کے مقصد میں ان کے کام اور سپوٹ کے لئے مُبارک باد دی۔اپنے خصوصی خطاب میں اجے کمار نے سرکاری کاموں میں ویجی لنس اور شفافیت کے اہم کردار پر زور دیا۔ اُنہوں نے بھرتی کے ایک مضبوط اور شفاف عمل کی ضرورت پر روشنی ڈالی ۔اِنٹر کالج مباحثے مقابلے میں طلبأ نے ’’شفاف طریقہ کارسے بھرتی اور حکومت میں شراکتی ویجی لنس کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر پُرجوش گفتگو کی۔مقابلے میں شرکت کرنے والے طلبأکی فصاحت اور تجزیاتی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا۔اِس کے ساتھ ہی بخاری ہال میں ’’ مصوری مقابلہ ‘‘ منعقد ہوا جس کا موضوع بھی’’ بھرتی کی شفافیت اور شراکتی ویجی لنس‘‘ تھاجس کی نگرانی اِنسٹی چیوٹ آف ایڈوانسڈ سٹیڈیز اِن ایجوکیشن کے اَرشد صالح اور اَمر سنگھ کالج کے پروفیسر اویس احمد نے کی۔مباحثے مقابلے میں پہلی پوزیشن اے اے اے ڈگری کالج بمنہ کے طالب علم فدک عقیل نے حاصل کی۔ دوسری اور تیسری پوزیشن بالترتیب گورنمنٹ ڈگری کالج فار وومن ایم اے روڈ لبنیٰ پروز اور اِسلامیہ کالج آف سائنس اینڈ کامرس کی سعدیہ نذیر نے حاصل کی۔مصوری مقابلے میں ایس پی کالج کے ارسلان توحید نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ گورنمنٹ ڈگری کالج فار وومن اے اے روڈ کی طالبہ مہناز الطاف اور اَمرسنگھ کالج کی غوثیہ فاروق نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔تقریب کے اِختتام پر شکریہ کی تحریک پروفیسر سید عمرا شاہ نے پیش کی جبکہ نظامت کے فرائض اَمرسنگھ کالج کی طالبہ ثانیہ نے اَنجام دی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر سیّدعمرا شاہ اور پروفیسر سید بنیش گیلانی تھے۔










