محکمہ تعلیم نے والدین و اسکولوں کے خدشات دور کر کے ہدایات جاری کر دیں۔ سکینہ ایتو
سرینگر//وی او آئی//وزیرِ تعلیم سکینہ ایتو نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ کشمیر ڈویڑن میں نرسری سے مڈل جماعتوں تک کے طلبہ کے لئے موسمِ سرما کی تعطیلات دسمبر کے پہلے ہفتے سے شروع ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ شدید سردی کے پیشِ نظر محکمہ تعلیم نے صورتحال کا جائزہ لے کر یہ فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ تعلیم نے بتایا کہ والدین اور اسکولوں کی جانب سے کتابوں اور دیگر تعلیمی تقاضوں سے متعلق خدشات بھی زیرِ غور آئے ہیں۔ اس سلسلے میں اجلاس منعقد کر کے ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ تعلیم موسم کی شدت کے ساتھ ساتھ تعلیمی کیلنڈر پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ واضح رہے کہ وادی کشمیر میں ان دنوں شدید سردی کا زور چل رہا ہے اور شبانہ منفی درجہ حرارت کی وجہ سے دن میں بھی سخت سردی محسوس کی جاتی ہے جس کے نتیجے میں والدین بچوں کے تئیں کافی فکر مند ہیں تاہم محکمہ ایجوکیشن نے پہلے ہی یہ بات واضح کردی ہے کہ سکولوں میں بچوں کیلئے گرمی کا بھی معقول انتظام ہے اور دن میں دھوپ کھلنے سے دن کا درجہ حرارت کافی بہتر ہوجاتا ہے جس وجہ سے بچوں کو کوئی پریشانی نہیں ہوتی ہے ۔ اس بیچ والدین نے فی الحال سکولوں میں اوقات کار میں مزید تبدیلی لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرینگرمیونسپل حدود میں آنے والے سکولوں کیلئے صبح ساڑھے دس بجے اور میونسپل حدود سے باہر کے سکولوں کیلئے صبح 11بجے سکول کی ٹایمنگ رکھی جائے ۔










