dooran

آر اینڈ بی ڈویڑن قاضی گنڈ نے 80 فیصد میکڈمائزیشن کا

ہدف حاصل کیا، 15 کروڑ روپے انفراسٹرکچر پر خرچ

سرینگر//وی او آئی//روڈز اینڈ بلڈنگز (R&B) ڈویژن قاضی گنڈنے رواں مالی سال کے دوران اپنے دائرہ کار میں آنے والی سڑکوں میں سے تقریباً 80 فیصد میکڈمائزیشن مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس بڑے پیمانے کی مہم پر تقریباً 5 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ ایگزیکٹو انجینئر آر اینڈ بی ڈویڑن قاضی گنڈ منظور احمدنے تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سڑکوں کے علاوہ تقریباً 10 کروڑ روپے پلوں اور کلورٹس کی تعمیر و مرمت پر صرف کیے گئے۔ یہ کام علاقے میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی ہماری مسلسل کوششوں کا حصہ ہیں۔ نئی سڑکیں اور پل عوام کے لیے آمدورفت کو آسان بنائیں گے اور مقامی اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دیں گے۔”انہوں نے کہا کہ سخت سردیوں کے قبل از وقت آغاز نے ڈویڑن کو رواں سال کے لیے 100 فیصد ہدف حاصل کرنے سے روک دیا۔ میکڈمائزیشن کے لیے بٹومین عمل مخصوص درجہ حرارت کا تقاضا کرتا ہے، جو موسم کی شدت کے باعث ممکن نہ ہو سکا۔ منظور احمد نے یقین دلایا کہ باقی سڑکوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور انہیں آئندہ مالی سال میں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ “باقی میکڈمائزیشن کام آئندہ مالی سال میں مکمل کیا جائے گا۔ تاہم اگر موسم توقع سے زیادہ سازگار رہا تو ہم موجودہ سیزن میں ہی باقی کام انجام دینے کے لیے تیار ہیں۔علاقے کے عوام نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ باقی سڑکوں کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ پورے خطے میں آمدورفت ہموار اور آرام دہ ہو سکے۔