yousuf tarigami

دہلی دھماکہ: یوسف تاریگامی کا حکومت سے اپیل، “بے گناہوں کو خوف و شبہ کا شکار نہ بنایا جائے”

نوجوانوں کے دل جیتنے کی کوشش ضروری، اندھا دھند کارروائیاں صرف اجنبیت بڑھاتی ہیں” — تاریگامی

سرینگر//وی او آئی//سی پی ا?ئی (ایم) کے رہنما اور کولگام کے ایم ایل اے محمد یوسف تاریگامی نے دہلی دھماکے کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں زیرِ تعلیم طلبہ اور مزدوروں کو درپیش مبینہ ہراسانی پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ تاریگامی نے کہا کہ موجودہ صورتحال نے نوجوان نسل میں خوف کا ماحول پیدا کر دیا ہے، جو ملک کے مختلف حصوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ طلبہ کو اس میں گھسیٹنا نہیں چاہیے۔ ملک کو انہیں خوف یا شبہ کے بجائے تحفظ کا احساس دینا چاہیے۔”انہوں نے کہا کہ ایسا ماحول تعلیم اور کام کے لیے سازگار نہیں ہے، خاص طور پر جب نوجوانوں کو اعتماد، استحکام اور یقین دہانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردانہ کارروائیوں کے ذمہ داروں کے لیے جگہ سکڑنی چاہیے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ بے گناہ شہریوں کو ذلت اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تاریگامی نے کہاکہ “نوجوانوں کے دل و دماغ جیتنے کی کوشش ضروری ہے۔ بے گناہوں کو دیوار سے لگانا کبھی بھی کوئی مثبت نتیجہ نہیں دیتا۔ مایوسی ہمیشہ منفی اثرات ڈالتی ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے تجربات نے ثابت کیا ہے کہ اندھا دھند کارروائیاں صرف اجنبیت اور دوری کو بڑھاتی ہیں۔ سی پی ا?ئی (ایم) نے مطالبہ کیا ہے کہ دہلی دھماکے کے بعد اندھا دھند گرفتاریاں نہ کی جائیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کو یقینی بنائیں کہ طلبہ، مزدور یا عام شہری خوف یا شبہ کا شکار نہ ہوں۔