دیہی ترقی محکمہ نے جموں وکشمیر بھر میں ایم جی نریگاکی عمل آوری کو مضبوط بنانے کیلئے ضلعی سطح کی آئی ٹی ورکشاپوں کا اِنعقادکیا

دیہی ترقی محکمہ نے جموں وکشمیر بھر میں ایم جی نریگاکی عمل آوری کو مضبوط بنانے کیلئے ضلعی سطح کی آئی ٹی ورکشاپوں کا اِنعقادکیا

سری نگر//دیہی ترقی و پنچاتی راج محکمہ ( آر ڈِی ڈِی ) کی جانب سے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (ایم جی این آر اِی جی اے) کی عمل آوری کو جدید بنانے کی طرف ایک اہم پیش رفت میں جموں و کشمیر کے مختلف اَضلاع میں آئی ٹی اقدامات اور ریکارڈ رکھ رکھائو اور دیکھ ریکھ سے متعلق ضلعی سطح کی ور کشاپوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ان تربیتی ورکشاپوں کا مقصد فیلڈ میں کام کرنے والے عملے اور متعلقہ شراکت داروں کو جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارموں جیسے یُکتدھارا ، این ایم ایم ایس ، اِی۔کے وائی سی، اِی۔ایم بی ماڈیول، سیکور 2.0 اور جیو فینسنگ سے متعلق عملی معلومات فراہم کرنا ہے۔ یہ ورکشاپ پہلے ہی اننت ناگ۔کولگام، شوپیان۔پلوامہ، اُودھم پور۔رام بن، ڈوڈہ۔کشتواڑ، جموں۔ریاسی، راجوری۔پونچھ اور بارہمولہ ۔بانڈی پورہ اَضلاع میں کامیابی کے ساتھ منعقد کئے جاچکے ہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری وسیم راجانے کہا کہ دیہی ترقی میں جدید ٹیکنالوجی کا انضمام نچلی سطح پر شفاف، ضرورت پر مبنی اور مؤثر منصوبہ بندی کو یقینی بناتا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا،’’ یُکتدھارا جیسے پلیٹ فارموں کا اِستعمال گرام پنچایت سطح پر سائنسی اور وسائل کے مطابق منصوبہ بندی کی سہولیت فراہم کرتا ہے جو وسائل کے منصفانہ اِستعمال کو یقینی بناتا ہے۔‘‘وسیم راجا نے کہا کہ این ایم ایم ایس ایپ ڈیجیٹل حاضری اور اِی۔کے وائی سی تصدیق کے ذریعے حقیقی وقت کی نگرانی کو بڑھاتی ہے جبکہ اِی۔ایم بی ماڈیول فیلڈ پر ہونے والے کام کی درست ڈیجیٹل پیمائش اور بروقت اَپ ڈیٹس کی سہولیت فراہم کرتا ہے ممکن بناتا ہے جس سے شفافیت اور مؤثریت و جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔یہ ورکشاپس عملی اور باہمی شراکت پر مبنی تھیں جن میں شرکأ کو ڈیجیٹل ٹولز کے اِستعمال پر لائیو مظاہرے دکھائے گئے۔ ورکشاپس میں ایگزیکٹیو انجینئرز، بلاک ڈیولپمنٹ اَفسران (بی ڈِی اوز)، اسسٹنٹ اِنجینئرز، جونیئر اِنجینئرز، منریگا پروگرام اَفسران ، پنچایت سیکرٹریز،ایم آئی ایس آپریٹریز، ٹیکنیکل اسسٹنٹس اور گرام روزگار سہائیک (جی آر ایس) شامل تھے جنہیں منریگا منصوبوں کے ڈیجیٹل نفاذ اور نگرانی کے لئے عملی تربیت دی گئی۔اِسی طرح کے ورکشاپ آنے والے دِنوں میں کٹھوعہ، سانبہ، کپواڑہ، سری نگر، گاندربل اور بڈگام اَضلاع میں منعقد ہوں گی تاکہ یونین ٹیریٹری کے تمام خطوںمیں مکمل کوریج کو یقینی بنایا جا سکے۔