سکینہ اِیتو نے’ سکشم آنگن واڑی او رپوشن 2.0 ‘کی عمل آوری پر مرکزی وزیر کی ورچیول میٹنگ میں شرکت کی

سری نگر// وزیر برائے سماجی بہبود، تعلیم، صحت اور طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے خواتین و اطفال کی فلاح و بہبود کی مرکزی وزیر انپورنا دیوی کی زیر صدارت ورچیول میٹنگ میں شرکت کی جس میں ملک بھر میں’’ سکشم آنگن واڑی اور پوشن 2.0‘‘کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دورانِ میٹنگ وزیر سکینہ اِیتو نے جموں و کشمیر میں خواتین اور بچوں کی ترقی سے متعلق مختلف فلاحی سکیموں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں جانکاری دی۔سکینہ ایتو نے مرکزی وزیر کے سامنے مختلف مسائل بھی پیش کئے اور آنگن واڑی ہیلپروںکی بھرتی میں تعلیمی قابلیت کی شرط ختم کرنے کی درخواست کی۔ اُنہوں نے کرایہ کی عمارتوں میں چلنے والے آنگن واڑی مراکز کے لئے مستقل عمارتوں کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیاتاکہ ان مراکز کی مناسب دیکھ ریکھ میں حائل رُکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔وزیر موصوفہ نے آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کو وقت پر اُجرت کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے فنڈز کی بھی درخواست کی۔ اُنہوں نے آنگن واڑی کارکنوں اور مددگاروں کے حق میں اعزازیہ میں اضافے کی بھی سفارش کی۔اُنہوں نے مرکزی وزیر کو خواتین و اطفال کی ترقی سے متعلق مرکزی معاونت والی مختلف سکیموں کے مؤثر عمل آوری میں جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔