جاوید احمد ڈار نے سرینگر کے شیر کشمیر پارک میں سارس میلہ کا افتتاح کیا

سرینگر//وزیر برائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی ، پنچائتی راج ، کواپریٹو اور الیکشن ڈیپارٹمنٹس مسٹر جاوید احمد ڈار نے آج سرینگر کے شیر کشمیر پارک میں سارس میلہ کا افتتاح کیا ۔ جہاں ملک بھر سے رورل سیلف ہیلپ گروپ ( ایس ایچ جی ) خواتین کے بہترین دستکاری اور مصنوعات کی نمائش کی گئی ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ سارس میلہ دیہی خواتین کاروباریوں کیلئے اپنی صلاحیتوں کی نمائش ، مارکیٹ روابط کو وسعت دینے اور روز گار کے مواقع کو مضبوط کرنے کا ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی سرگرمیاں حکومت کے سیلف ہیلپ گروپوں کو بااختیار بنانے اور دیہی کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کے وژن کی عکاسی کرتی ہیں ، جو جامع ترقی کے کلیدی عوامل ہیں ۔ وزیر نے یہ بھی اعلان کیا کہ جے اینڈ کے بینک نے 2673 خود روز گار گروپوں کیلئے 100 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے ، جو دیہی علاقوں میں خود روزگاری اور خواتین کی قیادت میں کاروباری اداروں کو فروغ دینے کی سمت ایک اہم قدم ہے ۔ جموں و کشمیر رورل لایولی ہُڈ مشن ( جے کے آر ایل ایم ) کے زیر اہتمام دیہی ترقی و پنچائتی راج کے شعبے کے تحت اس 11 روزہ میلے میں 13 ریاستوں سے 200 سے زائد خود روز گار گروپ کی خواتین کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کے تمام اضلاع کے اسٹالز شامل ہیں ۔ میلہ ہندوستانی دستکاری ، ہینڈ لوم مصنوعات اور علاقائی کھانوں کی متنوع رینج کی نمائش کرتا ہے ، جو ہندوستان کے بھر پور فن و ثقافت کا جشن مناتا ہے ۔ یہ میلہ 14 اکتوبر تک جاری رہے گا جو روزانہ صبح 10 بجے سے شام 7 بجے تک عوام کیلئے مفت داخلے کے ساتھ کھلا رہے گا ۔