Craft City Srinagar set to reverberate with Artisan stories in October Fest

کرافٹ سٹی سری نگر میں اکتوبر فیسٹول میں گونجیں گی دست کاروں کی داستانیں

’اَپنے دست کار کو جانیں‘ مہم 11؍ اکتوبر سے شروع ہوگی اور بحال ورثے اور ’سول فل کشمیر ‘ برانڈ کو فروغ دیں

سری نگر// محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم کشمیر خطے کی لازوال فن کاری کے فیسٹول کو چار چاند لگانے کے لئے ’’ اَپنے دست کار کو جانیں‘‘ مہم کا آغاز کرنے جارہا ہے۔یہ دِل چسپ سیریز برانڈ ’’سول فل کشمیر‘‘ کی تشہیر کا ایک اہم جزو ہے جس کا مقصدلوگوں کو کشمیر کی عالمی شہرت یافتہ دست کاریوں کے ساتھ موجود فنکاروں سے براہِ راست جوڑنا ہے۔محکمہ کے ترجمان نے آج یہاں ایک پریس بیان میں بتایا کہ ’’ اَپنے دست کار کو جانیں‘‘ کے تحت تقریبات 11، 25 اور 30؍اکتوبر کو سری نگر کے مشہور مقامات جہلم رِیور فرنٹ،کلاک ٹاور لال چوک اور ہیرٹیج برج راجباغ پر منعقد ہوں گی۔اُنہوں نے کہا، ’’یہ ایک نادر موقعہ ہوگا جب قومی ایوارڈ یافتہ دستکار اور بُنکر اَپنے کام کی جگہوں سے نکل کر اَپنی ذاتی داستانوں کا اشتراک کریں گے ، اَپنے فنون کی پیچیدہ تکنیکوں کوظاہر کریں گے اور سیاحوں و مقامی لوگوں سے روبروگفتگو کریں گے۔‘‘مہم کے دوران 15 جی آئی سے رجسٹرڈ کشمیری فنون کو بھی اُجاگر کیا جائے گا جن میںقالین بافی کی بُنائی کے مسحور کن نمونے،پشمینہ اور کانی بُنائی کی نفاست،پیپر ماشی کی نازک فن کاری،اخروٹ کی لکڑی پر نقش نگاری کا فن اور چھتوں کی شاندار’’ ختمبند‘‘ کاریگری شامل ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ سیاحوں کو یہ بھی بتایا جائے گا کہ کیو آر کوڈِنگ کس طرح سے مصنوعات کی اصلیت کی تصدیق میں اہم کردار ادا کرتی ہے تاکہ ہر فن پارہ کشمیری ورثے کی حقیقی مہر کے ساتھ پہچانا جائے۔اُنہوں نے کہا کہ ان تقریبات میں سری نگر کے عالمی’’ ورلڈ کرافٹ سٹی ‘‘ کے درجے اور یونیسکو کے کرئیٹیو سٹیز نیٹ ورک میں شامل ہونے کی باوقار حیثیت کو بھی نمایاں کیا جائے گاجو عالمی دستکاری کے میدان میں شہر کی بے مثال خدمات کا اعتراف ہے۔محکمہ خصوصی طور پر طلبأ کے لئے ماہر و مشہور دستکاروں کے ساتھ مکالماتی سیشنوں کا بھی اہتمام کرے گا تاکہ نئی نسل کو ان روایتی فنون کے تحفظ اور اختراعات کی ترغیب دی جا سکے۔اُنہوں نے کہا کہ لوگوں او رسیاحوں کو موقعہ ملے گا کہ وہ پشمینہ کی بُنائی سے لے کر اخروٹ کی لکڑی کی باریک تراش خراش تک کے لائیو مظاہرے دیکھ سکیں اور قریب سے جان سکیں کہ کشمیر کی یہ مشہوردست کاریاں کس طرح زندگی پاتی ہیں۔’ اَپنے دست کار کو جانیں‘سیریز مفت اور سب کے لئے کھلی ہے جو ثقافتی تجربات، داستاتوں اور دریافتوں سے بھرپور ایک یادگار دن فراہم کرے گی۔