جاوید ڈار نے رفیع آباد میں ژالہ باری سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا اور سرکاری اِمداد کی یقین دہانی کی

بارہمولہ//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن جاوید احمد ڈار نے ڈاک بنگلہ چھج ہامہ میں باغبانی اور زراعت محکموں کے اَفسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی تاکہ گزشتہ روز رفیع آباد میں ہوئی ژالہ باری سے متاثرہ علاقوں میں ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا سکے۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر فیلڈ معائینہ کریں اور کسانوں اور باغبانوں کو ہوئے نقصانات کی جامع رِپورٹ تیار کریں تاکہ متاثرہ کسانوں کو ضروری اِمداد فراہم کی جا سکے۔وزیر جاوید احمد ڈار نے کئی دیہاتوں بشمول شدید متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تاکہ نقصان کا خود جائزہ لے سکیں۔ اُنہوں نے باغات میں کسانوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل سنے۔اُنہوںنے یقین دِلایا کہ حکومت کسانوں کو ہر ممکن اِمداد فراہم کرے گی۔یہ میٹنگ اور دورہ حکومت کے فعال روییٔ کو اُجاگر کرتا ہے جس کے تحت کسانوں اور باغبانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں مشکل حالات میں ضروری مدد فراہم کی جا سکے۔