جاوید رانا کا قبائلی اَقدار کے تحفظ ، فروغ اور بقأ کیلئے اِجتماعی و مستقل کوششوں پر زور

جاوید رانا کا قبائلی اَقدار کے تحفظ ، فروغ اور بقأ کیلئے اِجتماعی و مستقل کوششوں پر زور

مینڈھر// وزیر برائے قبائلی امور جاوید احمد رانانے پیر پنچال علاقے میں قبائلی اَقدار کے تحفظ، بقا اور فروغ کے لئے اِجتماعی اور مستقل کوششوں کی فوری ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے پونچھ کے مینڈھر ساگرا میں محکمہ قبائلی امور کی طرف سے ضلعی اِنتظامیہ کے اِشتراک سے منعقدہ ایک قبائلی میلے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی ترقی ہرگز ثقافتی زوال کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے۔وزیر موصوف نے ترقی و روایت میں ہم آہنگی پر مبنی ایک جامع نقطہ نظر اَپنانے پر زور دیا اور خبردار کیا کہ جدید اثرات کے بے قابو پھیلاؤ سے ان قبائلی رسم و رواج اور اخلاقی ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے جو فطری طور پر کمیونٹی پر مبنی اورجامع ہیں۔اُنہوں نے عمر عبداللہ حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایک ایسا ترقیاتی ماڈل اَپنایا جائے گا جو شمولیتی ہو، قبائلی روایات کا احترام کرتا ہو اور ایک مضبوط و خود انحصار قبائلی معاشرہ تشکیل دینے کی صلاحیت رکھتا ہو۔جاوید رانا نے محکمہ قبائلی امور اور ضلعی اِنتظامیہ کے میلہ منعقد کرنے کی کوششوں کوسراہتے ہوئے اسے عوامی شمولیت اور باوقار ترقی کی جانب ایک بامعنی قدم قرار دیا۔میلہ جس میں مقامی آبادی کی بھرپور شرکت دیکھنے کو ملی، قبائلی طرزِ زِندگی، رسم و رواج کا ایک جشن تھا۔ اِس موقعہ پر قبائلیوں کے بھرپور ثقافتی ورثے کو اُجاگر کیا گیا جس میں روایتی قبائلی ضیافتوں کی نمائش ہوتی ہے جو مقامی کمیونٹیوں کے لذیذ اور متنوع ذائقوں کی عکاسی کرتا ہے۔اِس کے علاوہ مقامی طبی پودوں کی نمائش بھی کی گئی تاکہ اس روایتی علم کو اُجاگر کیا جا سکے جو آج بھی دیہی طبی طریقۂ علاج میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ایک فری میڈیکل کیمپ بھی کا بھی اِنعقاد کیا گیا جس میں لوگوںکو طبی مشاورے اور خدمات فراہم کی گئیں۔ اِس تقریب نے نہ صرف ثقافتی تسلسل کی اہمیت کو تقویت بخشی بلکہ حکومت کے اس عزم کی بھی عکاسی کی کہ ترقیاتی پالیسیاں قبائلی معاشروں کی عملی حقیقتوں سے ہم آہنگ رہیں۔اِس موقعہ پر چیئرپرسن ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل پونچھ، تعظیم اختر، ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما، ضلعی اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران اور بڑی تعداد میں مقامی لوگ موجود تھے۔