بھرتی ، شفافیت اور حکمرانی اِصلاحات کیلئے ٹائم لائنز مقرر
سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ میٹنگ میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈی) کی مجموعی کا م کاج کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں تمام محکموں کے اِنتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی جس میں اِصلاحات میں تیزی لانے، شفافیت بڑھانے اور سرکاری محکموں میں خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اَتل ڈولو نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ اختراع ، کارکردگی اور عوامی اعتماد پر زور دیتے ہوئے مشن پر مبنی ، مقررہ وقت کے اندر کام کریں تاکہ شہریوں کو بروقت سروسز، منصفانہ عمل اور شفاف جوابدہی کے ذریعے مثبت تبدیلی کا واضح احساس ہو۔اُنہوںنے خالی اَسامیوں کو مقررہ وقت میں پُر کرنے پر زور دیتے ہوئے جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کو ہدایت دی کہ وہ 1500 ملٹی ٹاسکنگ سٹاف (ایم ٹی ایس) کی اَسامیوں کو مقررہ وقت میں پُر کرے کیوں کہ بروقت بھرتی نچلی سطح پر کارکردگی بہتر بنانے کے لئے نہایت اہم ہے۔چیف سیکرٹری نے رُ کاوٹوں کو دور کرنے اور بھرتی کے عمل کو شفاف اور وقت پر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے پبلک سروس کمیشن اور جے کے ایس ایس بی سے کہا کہ بھرتی کے تمام مراحل میں عمل کو تیز کریں۔اُنہوں نے کہا کہ غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اَسامیوں کو مؤثر طریقے سے اور بغیر کسی اِنتظامی رُکاوٹ کے پُر کرنے کے لئے فعال حکمت عملی اَپنائیں۔اَتل ڈولو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملازمین کے ریسورس پرسنوںسے متعلق مسائل کو دیگر انتظامی ترجیحات کی طرح سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔اُنہوں نے بھرتی کے قوانین کو مکمل طور پر آن لائن کرنے کی ہدایت دی تاکہ تاخیر سے بچا جا سکے اور عمل میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ قواعد کی ڈیجیٹائزیشن سے آن لائن نگرانی آسان ہوگی اور حقیقی وقت میں شفافیت کو یقینی بنانا ممکن ہوگا۔
چیف سیکرٹری نے حکمرانی میں مسلسل ہنر مندی کی ترقی کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے مشن کرما یوگی کے تحت ایک خصوصی’’ کیپسٹی بلڈنگ یونٹ (سی بی یو) کے قیام کی ہدایت دی۔اُنہوں نے کہا کہ یہ یونٹ ملازمین کی منظم تربیت اوراَپ سکیلنگ کے لئے ذمہ دار ہوگا جس کا مقصد عوامی اِنتظامیہ میں اِختراع ، کارکردگی او رجوابدہی کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔چیف سیکرٹری نے کرما یوگی پورٹل پر ملازمین کی عدم رجسٹریشن پر تشویش کا اِظہار کیا جس کا مقصد سرکاری خدمات کی مؤثر فراہمی کے لئے بنیادی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔اُنہوں نے شفافیت اور جوابدہی کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے حکومت کے کھلے پن کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ قوانین کے تحت 15 دن کے اندر اہم معلومات کو عوام کے ساتھ اشتراک کریں تاکہ شہری اہم فیصلوں اور پالیسیوں تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں۔اَتل ڈولو نے زیرِاِلتوا ٔآر ٹی آئی مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کی بھی ہدایت دی اور کہا کہ معلومات کی بروقت فراہمی ایک جوابدہ طرز ِحکمرانی کی بنیاد ہے۔اُنہوں نے محکمانہ ترقیوں اور سروس معاملات کے حوالے سے انتظامی سیکرٹریوں سے کہا کہ وہ سروس سے متعلق معاملات کو مؤثر طریقے سے منظم کریں اور ہر محکمہ ایک جامع عملی منصوبہ تیار کرے جس میں یہ واضح ہو کہ کتنے زیرِ اِلتوأ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی(ڈِی پی سی) معاملات مقررہ وقت میں نمٹادیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ ترقیوں سے ملازمین کا حوصلہ بڑھتا ہے اور تاخیر ناقابلِ قبول ہے۔چیف سیکرٹری نے شہری مرکوز طرز حکمرانی کے تحت ہدایت دی کہ پبلک سروسز گارنٹی ایکٹ (پی ایس جی اے) پورٹل کو ایک ہفتے کے اندر تیار کیا جائے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ پورٹل ایک واحد پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا جس سے عوامی خدمات کی بروقت فراہمی، تاخیر میں کمی اور زیادہ جوابدہی ممکن ہو سکے گا۔اُنہوں نے ریگو لرڈیپاٹمنٹل ایکشن کیسز(آر ڈِی اے)کے بارے میں کہا کہ متعلقہ محکمے ان معاملات کی باقاعدہ بنیادوں پر نگرانی کریں تاکہ جلد از جلد فیصلہ کیا جا سکے۔چیف سیکرٹری نے متوفی ملازمین کے لواحقین کوایس آر او ۔43 اور نئے ری ہیبیلی ٹیشن اسسٹنس سکیم (آر اے ایس) کے تحت دی جانے والی ہمدردانہ تقرریوں کے بارے میں عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ ان معاملات کو نامزدکمیٹیوں کے سامنے رکھیں اور احکامات جاری کریں۔










