پرولیج کمیٹی نے قانون سازوں کے مراعات اور پروٹوکول پر بحث و تمحیص کی

سری نگر//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی پرولیج کمیٹی میٹنگ اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں منعقد ہوئی جس میں قانون سازوں کے آئینی مراعات اور حقوق سے متعلق اَمور پر غور و خوض کیا گیا۔میٹنگ کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین نظام الدین بٹ نے کی۔ میٹنگ میں ممبران ریاض احمد خان، سلمان ساگر، جاوید ریاض (بیدار)، جاوید اِقبال اور بھرت بھوشن نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈِی) ایم راجو، سیکرٹری مہمان نوازی و خاطر تواضع محکمہ بھوپندر کمار، سیکرٹری قانون، اِنصاف و پارلیمانی امور اَچل سیٹھی اور سیکرٹری قانون ساز اسمبلی منوج کمار پنڈتا بھی موجود تھے۔کمیٹی نے اِس بات پر زور دیا کہ قانون سازوں کو مناسب پروٹوکول اور مراعات فراہم کئے جائیں اور مقننہ کے کام کاج کو آسان بنانے کے لئے باہمی تعاون کی ہدایت کی۔میٹنگ کے شروعات میں چیئرمین نے اِس بات پر زور دیا کہ قانون سازوں کو چاہیے کہ وہ اَپنے آئینی حقوق اور مراعات کو تمام مناسب فورموںپر اُجاگر کریں۔ اُنہوں نے اِدارے کی سا لمیت کو برقرار رکھنے کے لئے اراکین کے اِجتماعی عزم پر اعتماد اِظہار کیا اوریقین دِلایا کہ کمیٹی اپنی آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے وسیع تر مفاد میں کام جاری رکھے گی۔ممبران نے قیمتی تجاویز بھی پیش کیں اور اس بات پر زور دیا کہ منتخب نمائندگان کی عزت، خودمختاری اور مؤثر کام کاج کو یقینی بنانے کے لئے پروٹوکولز کی پابندی ضروری ہے۔کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ قانون سازوں کے مراعات اور پروٹوکولز سے متعلق معاملات پر ایک تفصیلی رپورٹ مرتب کی جائے گی اور متعلقہ حکام کو مناسب کارروائی کے لئے پیش کی جائے گی۔