سپیکر نے ناگام چاڈورہ میں کاریگروں کیلئے میگا بیداری کیمپ کا اِفتتاح کیا

بڈگام//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبد الرحیم راتھر نے ناگام چاڈورہ میں ایک روزہ میگا بیداری کیمپ و سمینار کا اِفتتاح کیا۔ بیداری کیمپ کا اِنعقاد محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم نے کیا تھا۔اِس کیمپ میں مختلف محکموں کے اَفسران و ملازمین کے علاوہ کاریگروں، بْنکروں، تربیت حاصل کرنے والوں نے بھرپور شرکت کی۔سپیکر موصوف نے اَپنے اِفتتاحی خطاب میں کشمیر کی عظیم ثقافتی ورثے کے تحفظ میں کاریگروں کے رول کو سراہا۔ اُنہوں نے زور دیا کہ کاریگر خلوص اور لگن و محنت کے ساتھ اَپنے ہنر کو آگے بڑھاتے ہوئے اِختراع او مارکیٹ سے چلنے والے طریقوں کو اَپنائیں ۔عبدالرحیم راتھر نے خود انحصاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کاریگروں کو چاہیے کہ وہ روزگار تلاش کرنے والے کے بجائے روزگار دینے والے بنیں۔ اُنہوں نے کاریگروں کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کی۔اِس موقعہ پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم بڈگام نے محکمہ کی جانب سے ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم شعبے کو مضبوط کرنے کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے کاریگروں پر زور دیا کہ وہ محکمہ کی طرف سے عملائی جارہی فلاحی سکیموں اور تربیتی پروگراموں سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں۔مختلف محکموں کے دیگر مقررین نے بھی کاریگروں اور تربیت یافتہ اَفراد کے لئے دستیاب سکیموں اور مواقع پر تفصیلی روشنی ڈالی۔اِس موقعہ پرڈِپٹی رجسٹرار کوآپریٹیوز بڈگام ،اسسٹنٹ رجسٹرار کواپریٹیو بڈگام، پرنسپل گورنمنٹ پولی تکنیک کالج اور گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول چاڈورہ ، جے اینڈ کے بینک ناگام چاڈورہ کے نمائندگان اور دیگر متعلقین بھی موجود تھے۔