وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شہریوں سے ’ترنگا ریلی ‘ میں قومی پرچم کے وقار کو برقرار رکھنے پر زور دیا

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شہریوں سے ’ترنگا ریلی ‘ میں قومی پرچم کے وقار کو برقرار رکھنے پر زور دیا

سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ قومی پرچم کو ہندوستان کی شناخت، فخر اور بے شمار محب وطنوں کی قربانیوں کی زندہ علامت قرار دیتے ہوئے اِس کے تحفظ اور اس کی عزت و وقار کو برقرار رکھیں۔ اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار آج نہرو میموریل بوٹینیکل گارڈن چشمہ شاہی سری نگر میں اختتام پذیر ہونے والی ترنگا ریلی سے خطاب کر نے کے دوران کیا۔وزیر اعلیٰ نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب قومی پرچم صرف سرکاری عمارتوں پر لہرانے کی اِجازت تھی اور گھروں، دفاتر یا نجی جگہوں پر آویزاں کرنے پر پابندی تھی ۔اُنہوں نے کہا،’’یہ وہ حقیقت تھی جس میں ہم جی رہے تھے ۔ پرچم قوم کا تھا لیکن ہماری ذاتی زندگیوں سے غائب تھا۔‘‘اُنہوں نے ایک باہمت شہری کا ذکر کیا جس نے عدالت سے رجوع کیا اور ہر ہندوستانی کو اپنے گھر پر ترنگا لہرانے کا حق حاصل کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ تبدیلی اس بات کا ثبوت ہے کہ ’’اگر نیت نیک ہو تو ایک فرد بھی دیرپا تبدیلی لا سکتا ہے۔‘‘وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے ان محب وطنوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے قومی پرچم کی عزت کے لئے اَپنی جانیں نچھاور کیں۔ اُنہوں نے کہا،’’اُنہوں نے قوم کے مستقبل کے لئے اپنا حال قربان کر دیا، ضرورت پڑی تو اکیلے کھڑے ہوئے اور اس بات پر یقین رکھا کہ ان کا ایک بہادرانہ قدم ہمارے ترنگے کے وقار کی حفاظت کر سکتا ہے۔‘‘اُنہوںنے اس بات پر زور دیا کہ قومی پرچم صرف سرکاری تقریبات تک محدود نہ رہے بلکہ فخر کی علامت کے طور پر ہمیشہ بلند رہے۔ اُنہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ ’ اسے بلند کریں ۔نہ صرف جسمانی طورپر بلکہ دِل سے دی جانے والی عزت میں بھی ۔ اُن قربانیوں سے متاثر ہو کر جو ہمارے بزرگوں نے دی ہیں۔‘‘اِس سے قبل دن کے آغاز میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے شیرِ کشمیر اِنٹرنیشنل کنونشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی ) کے خوبصورت لانز سے ایک شاندار ترنگا ریلی کی قیادت کی۔ اِس موقعہ پر وزرأ سکینہ اِیتو، جاوید رانا اور جاوید ڈار کے علاوہ سینئر سول و پولیس افسران بھی موجود تھے۔ریلی میں نوجوانوں، طالب علموں اور مختلف طبقہ ہائے فکر کے لوگوں نے جوش و خروش سے شرکت کی۔