سری نگر//مشن یووا نے نوجوانوں کی قیادت میں اِختراعات اور خودانحصاری کو فروغ دینے کی ایک بڑی کوشش کے طور پر جموں و کشمیر کے تمام 20 اَضلاع میں’’ اَنٹرپرینیور شپ میلے کیلئے صلاحیت سازی‘‘ کا آغاز کیا ہے۔ اِس اہم اقدام کا مقصد نوجوان ذہنوں کو ہنرمندی، کاروباری تصورات اور رہنمائی کے مواقع فراہم کر کے خطے میں ایک متحرک کاروباری ماحول کی بنیاد رکھنا ہے۔یہ میلہ اِنڈسٹریل ٹریننگ اِنسٹی چیوٹ(آئی ٹی آئیز)، پولی تکنیک اور کالجوں سمیت تعلیمی اداروں کے اِشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے جس میں طلبأ ،اُبھرتے ہوئے کاروباری اَفراد اور مقامی شراکت داروں کی پُرجوش شرکت دیکھنے میں آرہی ہے۔مشن یووا کے ترجمان نے کہا،’’اَنٹرپرینیور شپ صرف کاروبار شروع کرنے کا نام نہیں بلکہ صلاحیتیں پیدا کرنے، مسائل کا حل تلاش کرنے اور کمیونٹی میں قدر پیدا کرنے کا عمل ہے۔‘‘ایک شرکأنے کہا،’’یہ میلہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں نوجوانوں کو بڑے خواب دیکھنے، تخلیقی سوچ اپنانے اور پُراعتماد قدم اُٹھانے کی ترغیب دی جاتی ہے۔‘‘انٹرپرینیورشپ میلہ کی اہم خصوصیات میںسکل ڈیولپمنٹ کے سیشن، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، مالیاتی خواندگی اور بزنس ماڈِلنگ جیسے شعبوں میں عملی تربیت، بزنس آئیڈیایشن ورکشاپس ،خیالات کو قابلِ عمل سٹارٹ اپ تصورات میں بدلنے کے لئے رہنمائی پر مبنی ورکشاپس،صنعتی ماہرین اور کامیاب کاروباری افراد کی طرف سے انفرادی رہنمائی اور مشورے شامل ہیں۔یہ میلہ قومی ترجیحات جیسے ’’ سکل اِنڈیا‘‘، ’’سٹارٹ اَپ اِنڈیا‘‘ اور ’’اتم نربھر بھارت‘‘ سے ہم آہنگ ہے اور ایک خود کفیل، نوجوانوں سے چلنے والے جموں و کشمیر کے ویژن کو آگے بڑھاتا ہے۔مشن یووا کی قیادت میں یہ اقدام یونین ٹیریٹری کے اس عزم کی تجدید ہے کہ وہ نوجوانوں کی کاروباری صلاحیتوں کو اُجاگر کرے،انہیں ملازمت تلاش کرنے والے نہیں بلکہ ملازمت دینے والے اور تبدیلی کے نمائندے بننے کی طرف راغب کرے۔










