عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت کی شفاف ، جوابدہ اورشہریوں پر مبنی طرزِ حکمرانی کے عزم کا اعادہ
کولگام//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آج ضلع کولگام کے بنی مولہ چندرگی علاقے کا دورہ کرکے ایک بڑے عوامی شکایات اَزالہ کیمپ کا اِنعقاد کیا تاکہ لوگوں سے روبرو ہو کر اُن کے مسائل سنیں اور اَزالہ کرسکیں۔کیمپ کے دوران وزیر موصوفہ نے مقامی باشندوں کی شکایات اور مطالبات کو بغور سُنا اور یقین دِلایا کہ متعلقہ محکموں کے باہمی اِشتراک سے ان مسائل کا فوری اَزالہ کیا جائے گا۔اُنہوں نے عوامی ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں موجودہ حکومت ایک عوام دوست حکومت ہے جو شفافیت، جوابدہی اور شہریوں پر مبنی طرزِ حکمرانی کے لئے پُر عزم ہے ۔اُنہوں نے کہا، ’’ہم عوامی خدمات میں بہتری، مساوی ترقی اور بنیادی سہولیات کی گھر گھر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے انتھک محنت کر رہے ہیں۔‘‘وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ حکومت کی طرف سے کئے گئے تمام وعدے مرحلہ وار اور شفاف طریقے سے پورے کئے جائیں گے۔سکینہ اِیتونے علاقے میں پینے کے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے 2.5 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک نئی واٹر سپلائی سکیم کی منظوری کا بھی اعلان کیا۔اُنہوں نے خطے کی ہمہ جہت ترقی کے لئے جاری نئے ترقیاتی منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی۔










