حکومت نے جی ایم سی سری نگر میں واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے

حکومت نے جی ایم سی سری نگر میں واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے

بصیر الحق چودھری انکوائری آفیسر مقرر

سری نگر// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو کی ہدایت پر 23؍ جولائی کو گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سری نگر میں پیش آئے واقعے کی تحقیقات کے لئے انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔محکمہ صحت و طبی تعلیم کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق مشن ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن جموں و کشمیر بصیر الحق چودھری کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے جو واقعے سے متعلق تمام حقائق اور حالات کا جامع جائزہ لیں گے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ انکوائری آفیسر واقعے سے قبل پیش آئے حالات اور اس کے بعد ہوئی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیں گے۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انکوائری آفیسر آپریٹنگ تھیٹر( او ٹی ) کی بندش کی وجوہات کا بھی تحقیقات کریں گے ،یہ جانچیں گے کہ آیا ایسی بندش قابلِ گریز تھی یا نہیں اور اگر کسی نے فرائض سے کوتاہی یا طے شدہ ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے تو ان کی ذمہ داری مقرر کریں گے۔حکم نامے کے مطابق انکوائری آفیسر کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ادارے میں داخلی شکایات کے ازالے کے نظام کو بہتر بنانے، انتظامی رابطہ کاری کو مؤثر بنانے اور مجموعی طور پر ادارے کے کام کاج میں بہتری کے لئے ٹھوس تجاویز پیش کریں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے تدارک اور احتیاطی تدابیر تجویز کریں کہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ انکوائری آفیسر 15 دن کے اندر اپنا رِپورٹ حکومت کو پیش کرے گا۔مزید کہا گیا کہ ایڈمنسٹریٹیو ایسوسی ایٹیڈ ہسپتال جی ایم سی سری نگر محمد اشرف حکاک کو اس معاملے میں پریزینٹنگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔