سمارٹ پبلک ڈِسٹری بیوشن سسٹم اگست 2025 تک فعا ل ہوجائے گا۔ ستیش شرما

سمارٹ پبلک ڈِسٹری بیوشن سسٹم اگست 2025 تک فعا ل ہوجائے گا۔ ستیش شرما

سری نگر// وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹرانسپورٹ اور اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے کہا کہ جموں و کشمیر میں طویل عرصے سے متوقع ’’سمارٹ پبلک ڈِسٹری بیوشن سسٹم اگست 2025ء تک مکمل طور پر فعال ہوجائے گا۔وزیر موصوف نے یونین ٹیریٹری میں سمارٹ پی ڈِی ایس کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین سوربھ بھگت سمیت دیگر سینئر افسران اور اس منصوبے سے منسلک تکنیکی ٹیموں نے شرکت کی۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر نیشنل آر سی ایم ایس (راشن کارڈ مینجمنٹ سسٹم) فریم ورک کے تحت مکمل سمارٹ پی ڈِی ایس پر منتقلی کرنے والا ملک کا پہلا یونین ٹیریٹری بننے جا رہا ہے جیسا کہ مرکزی وزارت اَمورِ صارفین ،خوراک و عوامی تقسیم کی ہدایت ہے۔ستیش شرمانے کہا،’’سمارٹ پی ڈی ایس خوراک کی تقسیم کا ایک انقلابی اقدام ہے جو شفافیت، مؤثریت اور خدمات کی دستیابی کو یقینی بناتا ہے۔ اس تبدیلی سے جموں و کشمیر کے 25 لاکھ راشن کارڈ ہولڈروں اور تقریباً 1.02 کروڑ استفادہ کنندگان کو ایک ہموار اور زیادہ جوابدہ نظام فراہم کیا جائے گا۔‘‘میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ سمارٹ پی ڈِی ایس کے تحت ’’ون نیشن ون راشن کارڈ (او این او آر سی )‘‘سکیم کے ذریعے جموں و کشمیر کے استفادہ کنندگان ہندوستان بھر میں اپنا راشن حاصل کر سکیں گے۔مزید بتایا گیا کہ فی الحال سمارٹ پی ڈِی ایس کی مکمل فیڈنگ جانچ کے مرحلے میں ہے اور اسے جموں و کشمیر کی مخصوص ضروریات کے مطابق بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اس نظام میں مختلف زُمرے جیسے ایس اے اے وائی،این ایف ایس اے اور پی ایم ایس اِی ایس شامل ہوں گے۔ اِس نظام کی خودکاریت پورے پی ڈِی ایس کو جمہوری بنا دے گی اور استفادہ کنندگان’’ میرا راشن ‘‘ اور ’’ انا پورنا‘‘ جیسی ایپلی کیشنز کے ذریعے اپنے راشن کوٹے کی معلومات بروقت حاصل کر سکیں گے۔یہ بھی بتایا گیا کہ راشن کی تقسیم آدھار سے منسلک پی او ایس مشینوں کے ذریعے کی جائے گی جو ایل1 کنفیگریشن کی اورفور جی فعال ہوں گی۔ اس سے محکمہ کو ذخیرہ کرنے کی کارکردگی بہتر بنانے، ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات کو کم کرنے اور صارفین کو مؤثر خدمات فراہم کرنے میں مدد ملے گی ۔یہ بھی واضح کیا گیا کہ دیگر تمام متعلقہ خدمات جیسے راشن کی تقسیم، آیوشمان کارڈ اس منتقلی سے متاثر نہیں ہوں گے۔وزیر ستیش شرمانے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ جانچ کے عمل کو تیز کریں،ایف پی ایس (فیئر پرائس شاپ) ڈیلروں کی تربیت کو یقینی بنائیں اور عوامی بیداری مہمات کا آغاز کریں تاکہ اس منصوبے کو کامیابی سے عملایا جا سکے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ سمارٹ پی ڈِی ایس کی کامیابی اس بات پر منحصر ہے کہ یہ سہولیت یونین ٹیریٹری کے دُور دراز علاقوں تک بھی پہنچائی جائے۔