کشتواڑ بادل پھٹنے کا سانحہ

لیفٹیننٹ گورنر کا جموں میں صوبائی آریہ مہاسملین سے خطاب

ایل نے فوج ، جے کے پی اور سی اے پی ایف کے اہلکاروں کو سلام پیش کیا جنہوں نے جموں وکشمیر کے امن اور ترقی کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے سکاسٹ جموںکے بابا جیتو آڈیٹوریم میں منعقدہ صوبائی آریہ مہاسمیلن سے خطاب کیا۔ یہ دو روزہ مہاسمیلن آریہ پرتیندھی سبھا جموں و کشمیر کی جانب سے مہارشی دیانند سرسوتی کی 200ویں اور آریہ سماج کے قیام کی 150ویں سالگرہ کے موقعہ پر منعقد کیا جا رہا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے فوج ، جموںوکشمیر پولیس اور سی اے پی ایف کے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے جموں وکشمیر کے اَمن اور ترقی کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ اُنہوں نے کہا، ’’کچھ عناصر ایسے بھی ہیں جو ٹی آر ایف (ٹی آر ایف) کی زبان بولتے ہیں۔ پولیس اِنتظامیہ اور سیکورٹی فورسز ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کر رہی ہیں تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کو دہشت گردی اور منشیات سے پاک بنانے کی ذمہ داری ہر شہری پر عائد ہوتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ صوبائی آریہ مہاسمیلن نئی نسل کو اپنی ثقافتی جڑوں سے جوڑنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے اور مہارشی دیانند سرسوتی کی عظیم تعلیمات و اقدار کو اپنانے کی ترغیب دیتا ہے جو اکیسویں صدی میں بھی انسانیت کے لئے بے حد اہمیت رکھتی ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ویدک علم کا احیاء اور اسے سکولی نصاب میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ نئی نسل کو ہماری قدیم تہذیب کی اقدار، عالمی ادب اور سائنس، فنون، اِنسانی علوم و ریاضی کے خزانے تک رَسائی حاصل ہو۔اُنہوں نے کہا، ’’جب ویدوں کی رچنا چھ ہزار سال پہلے ہوئی تب ہندوستان دُنیا کی ثقافت و روحانیت کا مرکز تھا۔ اُس وقت کسی دوسرے ملک میں ایسی تہذیب و ثقافت کی کوئی مثال موجود نہیں تھی۔‘‘منوج سِنہا نے مزید کہا کہ یورپی نشاۃِ ثانیہ سے ہزاروں برس پہلے ہندوستان نے سائنس، ریاضی، فلکیات اور طب جیسے شعبوں میں ترقی کے ذریعے سماجی و معاشی بنیاد رکھی تھی ،وہی جوش و خروش آج بھی نظر آتا ہے۔اُنہوں نے کہا،’’وزیر اعظم نریندر مودی جی کی قیادت میںہندوستان جلد ہی وشو گرو کی حیثیت دوبارہ حاصل کرے گا اور دُنیا کو نئی راہ دکھائے گا۔ وزیر اعظم کا ویژن ہندوستان کی معیشت کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جا رہا ہے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے آریہ سماج پر زور دیاکہ وہ اتحاد، امن اور اِنسانیت کی اِجتماعی بھلائی کا پیغام عام کرنے میں پیش پیش رہے۔اُنہوں نے کہا، ’’سوامی دیانند جی کی تعلیمات دُنیا میں دیرپا امن اور استحکام کو یقینی بنائیں گی۔ آج پوری دنیا ہندوستان کی روحانی طاقت اور سافٹ پاور کو تسلیم کر رہی ہے۔ آج ہمارا معاشرہ روایتی اَقدار اور جدید ترقی میں توازن پیدا کررہا ہے ۔ وقت آ گیا ہے کہ ہندوستان دُنیا کو اَمن و ہم آہنگی کی طرف رہنمائی کرے گا اور اس مشن میں آریہ سماج کو کلیدی رول ادا کرنا ہوگا۔‘‘اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف شعبہ ہائے زِندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو مہارشی دیانند سرسوتی کی تعلیمات کے فروغ میں نمایاں خدمات پر اعزازات سے نوازا۔اِس موقعہ پر وائس چانسلر سکاسٹ جموں پروفیسر بی این ترپاٹھی ،صدر آریہ تیندھی سبھا جے این ڈکے نریندر تریہن،صدر مدھیہ بھارتیہ آریہ پر تیندھی سبھا پرکاش آریہ،جنرل سیکرٹری دہلی آریہ پر تیندھی سبھا ونے آریہ، سیکرٹری آریہ ویردل سوامی دیورَت سرسوتی،پرنسپل پنینی کنیامہاوِدھیالیہ وارانسی آچاریہ نندتا شاستری، سینئر سول و پولیس افسران، مذہبی رہنما اور سرکردہ شہری بھی موجود تھے۔