سرینگر/ وی او آئی// گمری کے قریب ایک مسافر گاڑی کے حادثے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دیگر چودہ افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ بدھ کی صبح دراس کی طرف جاتے ہوئے پیش آیا۔وی او آئی کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ صبح تقریباً 5 بج کر 45 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر گاڑی، جس میں 17 افراد سوار تھے، دراس کی جانب رواں دواں تھی۔ حادثے کے نتیجے میں دو مسافر موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ آٹھ افراد کو شدید چوٹیں آئیں اور چھ دیگر معمولی زخمی ہوئے۔ گاڑی کا ڈرائیور حادثے میں محفوظ رہا۔تمام زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔










