مودی حکومت کے 11 سال :کوئی جوابدہی، کوئی تبدیلی نہیں، صرف پروپیگنڈا

حکومت نے حال کے بارے میں بات کرنا چھوڑ دیا ہے، اب 2047 کے خواب بیچ رہے ہیں/راہول گاندھی

سرینگر // مودی حکومت کے 11 سالوں میں کوئی احتساب نہیں ہوا بلکہ صرف پروپیگنڈا ہوا کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ مرکز نے حال کے بارے میں بات کرنا چھوڑ دی ہے اور اب سال 2047 کے خواب بیچ رہی ہے۔سی این آئی کے مطابق ایکس پر ہندی میں ایک پوسٹ میں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے لکھا ’’جب کہ مودی حکومت خدمت کے 11 سال کا جشن منا رہی ہے، ملک کی حقیقت ممبئی سے آنے والی افسوسناک خبروں سے ظاہر ہوتی ہے ٹرین سے گر کر کئی لوگوں کی موت ہو گئی‘‘۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہندوستانی ریلوے کروڑوں لوگوں کی زندگیوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، لیکن آج یہ عدم تحفظ، بھیڑ اور افراتفری کی علامت بن گئی ہے۔انہوں نے لکھا ’’ مودی حکومت کے 11 سال :کوئی جوابدہی، کوئی تبدیلی نہیں، صرف پروپیگنڈا۔ حکومت نے 2025 کے بارے میں بات کرنا چھوڑ دی ہے اور اب 2047 کے خواب بیچ رہی ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید لکھا ’’ کون دیکھے گا کہ آج ملک کو کس چیز کا سامنا ہے؟ میں مرنے والوں کے اہل خانہ سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہوں۔ ‘‘ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ٹرین کا واقعہ دیوا اور کوپر ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان اس وقت پیش آیا جب ٹرین کسارا کی طرف جارہی تھی۔ریلوے حکام نے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کیے بغیر کہا کہ یہ واقعہ ممکنہ طور پر دو بھری ہوئی ٹرینوں کے فٹ بورڈ سے لٹکنے کے بعد پیش آیا اور ان کے بیگ ایک دوسرے سے ٹکرائے جب ٹرینیں مخالف سمتوں سے گزر رہی تھیں۔