سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر برائے سکل ڈیولپمنٹ و انٹرپرنیورشپ جینت چودھری کا شکریہ اَدا کیا ہے جنہوں نے ’پردھان منتری سکلنگ اینڈ ایمپلائیبلٹی ٹرانسفارمیشن تھرو اپ گریڈڈ آئی ٹی آئیز(پی ایم۔ ایس اِی ٹی یو)سکیم کے تحت جموں و کشمیر میں اہم اِنڈسٹریل ٹریننگ اِنسٹی چیوٹ(آئی ٹی آئی) کلسٹرز کی اَپ گریڈیشن کے لئے 475.41 کروڑ مالیت کے سٹریٹجک انو سمنٹ پلانز (ایس آئی پیز) کی منظوری دی ہے۔اِس منصوبے کے تحت جموں آئی ٹی آئی کلسٹرکو 240کروڑ روپے کی منظور شدہ سرمایہ کاری سے اَپ گریڈ کیا جائے گا ۔ اِس کلسٹر میں آئی ٹی آئی جموں بطورِ ہب کام کرے گا جبکہ آر ایس پورہ ، نوشہرہ ، سانبہ اور کٹھوعہ کے آئی ٹی آئی اِدارے اس کے ذیلی مراکز ہوں گے۔اِسی طرح سری نگر آئی ٹی آئی کلسٹرکو 235.41کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے جدید بنایاجائے گا ۔اسمیں آئی ٹی آئی سری نگر بطورِہب ہوگا اور گاندربل ، کنگن ، بڈگام اور چرارِ شریف کے آئی ٹی آئی اِدارے اس کے ذیلی مراکز ہوں گے۔یہ اقدام ’ہب اینڈ سپوک‘ماڈل پر عمل کرے گا تاکہ تربیتی بنیادی ڈھانچے کو جدید بنایا جا سکے ، عصری کورسوں کو متعارف کئے جائیں اور نصاب کو صنعت کی بدلتی ہوئی ضروریات نیز مقامی اور عالمی سطح پر مہارتوں کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس اَقدام سے صنعتی روابط مضبوط ہوں گے، نتائج پر مبنی تربیت کو فروغ ملے گا اور جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو ایسی مہارتیں حاصل ہوں گی جو انہیں براہِ راست صنعت میں کام کرنے کے قابل بنائیں گی۔ اِس سے ان کے روزگار حاصل کرنے کے اِمکانات بڑھیں گے اور انہیں معاش کے بہتر مواقع تک رَسائی حاصل ہوگی۔اُنہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری آئی ٹی آئی کو جدید ہنر مندی کے مراکز میں تبدیل کرنے میں مدد دے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ پیشہ ورانہ تربیت بدلتی معاشی ضروریات اور روزگار کے نئے مواقع کے مطابق رہے۔










