نیویارک/ایجنسیز/امریکہ میں پولیس نے بتایا ہے کہ جمعرات کو ریاست اوریگون کے شہر بینڈ کے ایک ایلیمنٹری اسکول میں 16 سالہ حملہ آور نے فائرنگ کر کے تین بچوں سمیت چار افراد کو جان سے مار دیا۔بعد ازاں اسکول کے اندر تک حملہ آور کا پیچھا کرنے والے ایک مقامی مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور بھی مارا گیا۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ حملہ آور بند دروازوں پر فائرنگ کر کے سلور ریل ایلیمنٹری اسکول میں داخل ہوا، تاہم پولیس نے مشتبہ شخص کی عمر کے علاوہ کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔بینڈ پولیس کے چیف مائیک کرانٹز نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جان سے جانے والوں میں پانچ، آٹھ اور 11 سال کی عمر کے بچے اور ایک استاد شامل ہیں جبکہ ایک سات سالہ طالب علم اور ایک 54 سالہ استاد کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔اسی بریفنگ میں شریک اوریگون کی گورنر ٹینا کوٹیک نے اس مقامی شخص کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ’مزید جانی نقصان کو روکنے کیلئے بہادری سے مداخلت کی۔‘ٹینا کوٹیک نے کہا کہ ’کسی بھی والدین کو ایسے دن کا سامنا نہیں کرنا چاہیے اور کسی بھی کمیونٹی کو اس طرح کے دن سے نہیں گزرنا چاہیے۔ جیسے جیسے ہمیں مرنے اور زخمی ہونے والے بچوں اور بڑوں، ان کے خاندانوں اور ان کے پیاروں کے بارے میں مزید معلوم ہوگا، ہم بہت روئیں گے اور ہم مل کر روئیں گے، اور شاید ہم اکیلے میں بھی روئیں گے۔‘
پولیس چیف مائیک کرانٹز نے بتایا کہ اس مقامی شخص نے، جن کی انہوں نے شناخت ظاہر نہیں کی، مشتبہ شخص کو اسکول میں داخل ہوتے دیکھا اور اس کا پیچھا کیا۔اے ایف پی کے مطابق پولیس کی ترجمان شیلا ملر نے پریس کانفرنس میں وضاحت کی کہ جب اہلکار موقعے پر پہنچے تو حملہ آور ’مارا جا چکا تھا۔‘










