سری نگر// چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے ہفتہ کے روز ضلع سری نگر کے موتیار رعناواری میں واقع تاریخی وِٹل بھیرو مندر کی بحالی اور مرمت کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا۔ یہ اَقدام کشمیر کے بھرپور ثقافتی اور تعمیراتی ورثے کو محفوظ رکھنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔حکومت کے ’ورثہ تحفظ اقدام‘ کے تحت اس بحالی منصوبے پر تقریباً 2.84 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ اس منصوبے کا مقصد مندر کی تاریخی، مذہبی اور ثقافتی اہمیت کو برقرار رکھتے ہوئے اس کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اکشے لابرو، کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن ڈاکٹر بشارت قیوم، ڈائریکٹر آرکائیوز، کشمیری پنڈت کمیونٹی کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔دورے کے دوران چیف سیکرٹری نے مجوزہ بحالی منصوبے کے مختلف پہلوئوںکا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ مقررہ مدت اور معیار کے ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے کام میں تیزی لائی جائے۔اَتل ڈولو نے منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مندر کی بحالی اور تحفظ کی کوششوں کا مقصد اس کی کئی دہائیوں پرانی شان کو بحال کرنا اور اس کے تعمیراتی و ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ اقدام خطے کے ورثے کو محفوظ رکھنے کے لئے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، اور ساتھ ہی کشمیر کے متنوع سماجی تانے بانے کافی تاریخی، ثقافتی اور مذہبی اہمیت کا حامل ہے اور یہ کشمیر کے مشترکہ ورثے کا ایک اہم حصہ ہے۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ بحالی کا یہ کام مندر کی جمالیاتی کشش ، خوب صورتی، تاریخی اہمیت اور سماجی اہمیت کو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سری نگر میر امتیاز العزیز، چیف پلاننگ آفیسر فیاض احمد ڈار، سری نگر میونسپل کارپوریشن کے جوائنٹ کمشنر سیّد ابو قاسم اور نزہت قریشی، سپرانٹنڈنگ انجینئر آر اینڈ بی تطہیر منظور کے علاوہ آر اینڈ بی، پی ایچ ای، کے پی ڈی سی ایل، ایس ایم سی، پولیس، ریونیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔










