نئی دہلی/یو این آئی//کانگریس نے انکیتا بھنڈاری معاملے میں انصاف کا مطالبہ کرنے کیلئے ملک بھر میں آواز اٹھانے اور متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے رہنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔کانگریس کے شعبہ مواصلات کے سربراہ پون کھیڑا نے جمعہ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کانگریس کے رہنما راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا انکیتا بھنڈاری کے والدین سے ملنے دھرنے کے مقام پر پہنچے تھے اور پارٹی کو ہدایت دی گئی تھی کہ جب تک ان کے والدین وہاں بیٹھنا چاہتے ہیں، پارٹی کے لوگ ان کے ساتھ رہیں گے ۔ کھیڑا نے کہا کہ کانگریس اتراکھنڈ میں اس معاملے کو طویل عرصے سے اٹھا رہی ہے اور دشینت کمار گوتم کو سکم کا گورنر بنائے جانے کے اعلان کے بعد لوگوں میں غصہ بڑھ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اس غصے کو آواز دے رہی ہے اور انکیتا کے والدین کے رابطے میں ہے ۔ خاندان جس طرح سے اپنی آواز اٹھانا چاہتا ہے ، پارٹی اسی طرح ان کا ساتھ دے گی۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو لے کر پورے ملک میں غم و غصہ ہے ۔ انہوں نے کٹھوعہ اور ہاتھرس کے معاملات کے ساتھ ساتھ بلقیس بانو معاملے کا ذکر کرتے ہوئے بی جے پی پر عصمت دری کے ملزمین کی طرفداری کرنے کا الزام لگایا۔دشینت کمار گوتم کو گورنر بنائے جانے پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انکیتا بھنڈاری معاملے میں سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) کی جانچ کو آٹھ مہینے ہو چکے ہیں، لیکن جانچ مکمل نہیں ہوئی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ جانچ کے درمیان ایک ملزم کو گورنر بنا کر تحفظ کیوں دیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ یہ سوال ملک بھر میں اٹھایا جا رہا ہے ۔










