tanveer sadiq

جموں و کشمیر میں شراب پر پابندی؟ تنویر صادق نے اسٹیک ہولڈر کی شمولیت کا مطالبہ کیا

جموں کشمیر سیاحتی ریاحت سے جہاں پر شراب پر پابندی سے سیاحت پر منفی اثر پڑسکتا ہے ۔ این سی لیڈر

سرینگر/// نیشنل کانفرنس کے قانون ساز ممبرتنویر صادق نے جموں و کشمیر میں شراب پر پابندی عائد کرنے سے پہلے وسیع تر مشاورت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فیصلہ سازی کے عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، صادق نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جموں و کشمیر سیاحوں سے چلنے والی معیشت ہے، اور شراب پر مکمل پابندی کا سیاحت کے شعبے پر اثر پڑ سکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہ ایک سیاحتی ریاست ہے، اور ہمیں اس بات کا اندازہ لگانا ہوگا کہ اس طرح کی پابندی کا سیاحوں پر کیا اثر پڑے گا۔ این سی لیڈر نے کہا کہ بہت سے عرب ممالک میں بھی شراب کے لیے باقاعدہ نظام موجود ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام متعلقہ فریقین بشمول ٹریول ایجنٹس اور ٹورازم انڈسٹری کے نمائندوں کو کوئی حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے آن بورڈ لیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مجموعی طور پر، ہم شراب کی تجارت کے خلاف کھڑے ہیں، لیکن ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ اسٹیک ہولڈرز، خاص طور پر سیاحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والوں سے مشاورت کی جائے۔صادق کا یہ ریمارکس ایسے وقت میں آیا ہے جب پی ڈی پی کے فیاض میر اور این سی کے احسن پردیسی سمیت دو قانون سازوں نے جموں و کشمیر میں شراب پر پابندی لگانے کے لیے پرائیویٹ ممبر بل پیش کیے ہیں۔ یہ بل آئندہ بجٹ اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔