حسن ساہو

اس جانکاہ خبر کا سُننا تھا کہ میرے یارِ غار اور اردو زبان کے ممتاز شاعر ہمدم کشمیری اس عالم فانی سے کوچ کرگئے۔ میں سکتے میں آگیا بچپن سے ہی ہمدم کے ساتھ میری گہری وابستگی رہی ہے ۔ میں نے سرینگرکے محلہ گروبازار میں جنم لیا او رہمدم نے محلہ شہید گنج میں ۔ویسے دونوں محلےشالی سٹور کے آس پاس واقعہ ہیں۔ دسویں جماعت تک ایک ہی اسکول میں تعلیم حاصل کی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد میں محکمہ آبپاشی میں ملازم ہوا اور مرحوم ہمدم صاحب ایمپوریم میں ۔ایک ہی شخص تھا جس نے ہماری ملازمت کے لئے دوڈ دھوپ کی۔ بعد میں ہمدم مختلف موضوعات پر کاغذ داغدار کرنے لگے۔ ہمدم نے پہلے پہل قیوم ڈینجلر اور میں نے ششوپنج کشمیری کے نام سے لکھنا شروع کیا۔ جہاںمرحوم کو شاعری میں دلچسپی تھی میں کہانیاں تحریر کرنے لگا۔ آگے چل کر مرحوم پروفیسر ندوی کی ہدایت پر قیوم نے ہمدم کے نام سے اور میں نے حسن ساہوکے نام سے تحریری سلسلہ جاری رکھا۔ خطہ وکتابت کا سلسلہ ہمارا برابر جاری رہا اور ایک دوسرے کے معاملات میں ہر طرح کی دلچسپی دکھاتے رہے۔ میری شادی کی بابت ہمدم کشمیری نے پہل کی اور میرے سسرال والوں سے بات کرکے رشتہ طے کیا۔شادی ہونے تک میرے ساتھ ہی رہے۔کہنے کو تو بہت کچھ ہے مگر ہمت جواب دے رہی ہے۔آخر میں مرحوم کے کچھ اشعار کے ساتھ اس تعزیت نامے کو اختتام پزیر کرتا ہوں۔

قدم قدم پہ دھڑکتا ہے دل اُمیدوں کا
قدم قدم پہ ہے درپیش امتحان ساکچھ
ہائے کیا لوگ تھے جو جوش جنون رکھتے تھے
اب کوئی لطف نہیں چاک گریبانی میں
عجب شخص ہے نفرت سے پیارکرتا ہے
نہ دشمنوں کی طرح نہ دوستوں کی طرح
ہر طرف آگ کے شعلے ہیں رواں
کیا کہوں کون ساگھر میرا ہے
میں پھونک پھونک کے چلتا ہوں راہ میں
قدم قدم پر بچھائے ہیں جال میرے لئے
آجکل کیوں کوئی بے کار نہیں رہ سکتا
مسئلہ حل تو ہوا پھر بھی ہے جھگڑا باقی
سوچتا ہوں کہ کہاں ٹیک لگا کر بیٹھوں
مجھ کو خود اپنی ہی دیوار سے ڈرلگتا ہے
کوئی انصاف کس لئے مانگے
فیصلہ ہوچکا ہے پہلے ہی
کون سا یہ مقام ہے ہمدم
میں ہی میں ہوں میرا خدا ہے کہاں
مجھے بھی یاد کرے گا کبھی کوئی ہمدم
کہیں تو میں بھی داستان میں رہتا ہوں
خدا تعالیٰ سے دست دُعا ہوں کہ میرے ہمدم ورفیق دوست کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور دیگر وابستہ افراد خاص کر میری بہن بیگم قیوم اور عزیزم روشن خیال کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطافرمائے۔آمین
خدا آباد رکھے ہر ادا سے پھلوپھولو ساہوں کی دُعاسے










