leopard

ملہ باغ سرینگر میں تیندوئے کا کوئی نام و نشان نہ ملنے کے بعد محکمہ وائلڈ لائف نے تلاشی آپریشن ختم کر دیا

سوشل میڈیا پر شیئر کی جانی والی تصاویر اور ویڈیو غلط ثابت ہوئی لیکن لوگ احتیابط برتیں / محکمہ وائلڈ لائف

سرینگر // سرینگر کے ملہ باغ علاقے میں تیندوئے کا کوئی نام و نشان نہ ملنے کے بعد محکمہ وائلڈ لائف نے تلاشی آپریشن ختم کر دیا ہے ۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر تیندوئے کی شیئر کی جانی والی تصاویر اور ویڈیو غلط ثابت ہوئی کیونکہ اس طرح کا کوئی معاملہ علاقے میں نہیں دیکھا گیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق سوشل میڈیا پر سرینگر کے ملہ باغ علاقے میں تیندوئے کی موجودگی کی تصاویر اور ویڈیو وائرل ہونے کے بعد محکمہ وائلڈ لائف نے تیندوے کو پکڑنے کیلئے علاقے میں آپریشن شروع کر دیا تھا تاہم کئی دنوں تک آپریشن کے دوران کچھ نہ ملنے کے بعد اس کو ختم کر دیا گیا ۔ محکمہ وائلڈ لائف کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ ملہ باغ اور آس پاس کے علاقوں میں کئی دنوں کی وسیع تلاشی کوششوں کے بعد، تیندوے کی موجودگی کا کوئی ثبوت نہ ملنے کی وجہ سے آپریشن ختم کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا ’’ ملہ باغ ،الاہی باغ، رنگ پورہ اور زکورہ کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی لی گئی۔ اس کوشش میں جنگلی حیات کی ٹیموں کی ڈرون نگرانی اور گشت شامل تھی۔ تاہم، تیندوے کے دیکھنے کے مزید آثار نہیں ملے، جس کی وجہ سے تلاشی مہم ختم ہو گئی۔ تاہم اہلکار نے بتایا کہ مختلف سوشل میڈیا تصاویر اور ویڈیوز کی بنیاد پر ابتدائی طور پر تیندوے کی موجودگی درست لگ رہی تھی لیکن بعد میں تلاشی آپریشن کے دوران وہاں سے کچھ نہیں ملا اور ہمیں لگ رہا ہے کہ یہ بے بنیاد ویڈیو شیئر کئے گئے تھے ۔ انہوں نے محتاط رہنے کی اہمیت پر زور دیا، خاص طور پر صبح اور شام کے اوقات میں، یہ بتاتے ہوئے کہ کوئی بھی جنگلی جانور خوراک کی تلاش میں انسانی رہائش گاہوں میں جا سکتا ہے۔انہوں نے لوگوں سے تاکید کی ہے کہ جنگلی جانوروں کی موجودگی کے خدشات کے پیش نظر وہ احتیاط برتے اور بچوں پر خاص طو رپر سے نظر گزر رکھیں ۔