حالیہ میں عسکری صفوں میں شامل ہونے والا سرینگر کا مقامی لشکر ملی ٹنٹ از جاں
سرینگر // جنوبی ضلع پلوامہ کے فراسی پورہ علاقے میں فوج و فورسز اور ملی ٹنٹوں کے مابین مختصر تصادم آرائی میں لشکر سے وابستہ ایک مقامی ملی ٹنٹ از جاں ہو گیا جس کے بعد علاقے کا محاصرہ جمعہ کی صبح ختم کیا گیا ۔ پولیس نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ میں حالیہ ہی ملی ٹنٹ صفوں میں شامل ہونے والا ملی ٹنٹ مارا گیا ۔ سی این آئی کے مطابق فراسی پورہ پلوامہ میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے علاقے کو محاصرہ میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کردی۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جونہی علاقے میں سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کردیا تو وہاں چھپے بیٹھنے عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی علاقے میں جھڑپ شروع ہوئی۔ ذرائع کے مطابق اسی دوران فورسز کی اضافی کمک علاقے کی جانب روانہ کی گئی جنہوں نے پورے علاقے کو سیل کر دیا اور جنگجوئوںکے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے گئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی فائرنگ کے نتیجے میںگولیوں کے تبادلے کے بعد علاقے کا محاصرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور ملی ٹنٹوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں محصور ملی ٹینٹوں کو خود سپردگی کرنے کا بھی بھر پور موقع فراہم کیا گیا تاہم انہوں نے سیکورٹی فورسز کی پیشکش کو بار بار مسترد کیا ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میںکچھ وقت تک گولی باری ہوئی جو علاقے میں وقفے وقفے سے جاری گولی باری کا سلسلہ جونہی تھم گیا تو وہاں جھڑپ کے مقام سے ایک ملی ٹنٹ کی نعش بر آمد کر لی گئی ۔مارے گئے ملی ٹنٹ کی شناخت دانش اعجاز شیخ ولد اعجاز احمد شیخ ساکنہ النور کالونی الاہی با غ سرینگر کے بطور ہوئی ہے ۔ مارے گئے ملی ٹنٹ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ 27مارچ سے لاپتہ تھا اور انہوں نے ٹی آر ایف ملی ٹنٹ تنظیم میں شرکت کی تھی ۔










