ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسرپونچھ نے مینڈھر میں اِنتخابی عملے کی تربیت کی نگرانی کی

مینڈھر//ڈِسٹرکٹ الیکشن سیل پونچھ نے اِنتخابی عملے کے لئے ٹریننگ کا دوسرا مرحلہ آج یہاں مینڈھر میں ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر یاسین ایم چودھری کی نگرانی میں منعقد کیا۔اِس پروگرام کا مقصد آنے والے لوک سبھا اِنتخابات کی تیاریوں کو بڑھانا، اِنتخابات کے منصفانہ، شفاف اور احسن اِنعقاد کو یقینی بنانا ہے۔تربیتی سیشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (اِی وِی ایم) کی مناسب سیلنگ، اِنسٹالیشن اور کام کرنے کے بارے میں ماسٹر ٹرینروںکے مظاہرے شامل تھے۔ تربیت میں شرکت کرنے والے آفیشلوں کو پوسٹل بیلٹ کے لئے فارم بھی تقسیم کئے گئے۔ پولنگ عملے کو اِنتخابی عمل کے دوران ان کے اہم کردار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ انہیں انتخابی عمل کی سا لمیت کو یقینی بنانے کے لئے اِی سی آئی کی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کے لئے کہا گیا ۔ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے پولنگ افسران پر زور دیا کہ وہ جمہوریت کے اصولوں کی پاسداری اور شفاف اور غیر جانبدارانہ اِنتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لئے اپنے فرائض پورے جوش و جذبے اور لگن کے ساتھ سرانجام دیں۔دورے کے دوران ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے ہمراہ ایس ڈی ایم میندھر اور دیگر افسران بھی تھے۔ اِسی طرح کے تربیتی سیشن پونچھ اور سرنکوٹ میں بھی منعقدکئے گئے۔