قاسم سلیمانی کی برسی پر دھماکوں میں ملوث 11افراد گرفتار

ایرانی حکام نے کرمان میں قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر ہونے والے دو بم دھماکوں میں ملوث ہونے کے شبے میں 11 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی پر ہونے والے بم دھماکوں میں 84 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
کرمان میں کیے گئے حملوں کی ذمے داری دہشت گردی تنظیم داعش نے قبول کر لی تھی۔
ایرانی انٹیلی جنس ایجنسی کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے کرمان میں ہونے والے دو خودکش بم دھماکوں میں دو افراد کو حراست میں لیا ہے جبکہ دھماکے سے کسی نہ کسی طرح تعلق کے شبے میں مزید 9 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
وزارت انٹیلی جنس نے کہا کہ ہمارے ایجنٹس نے ملزمان کے قبضے سے دھماکا خیز ڈیوائسز، خام مال اور دھماکا خیز جیکٹس برآمد کی ہیں جبکہ ایک خودکش بمبار تاجک شہری تھا۔
یہ 1979کے اسلامی انقلاب کے بعد ایران میں کیا گیا اب تک کا سب سے خطرناک حملہ ہے۔