کمشنر سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے اشوک لی لینڈ کے ذریعے منتخب کردہ 17 اُمیدواروں میں جاب آفر لیٹر تقسیم کئے

جموں//کمشنر سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سوربھ بھگت نے آج اشوک لی لینڈ کے ذریعے منتخب کردہ 17 منتخب اُمیدواروں میں جاب آفر لیٹر تقسیم کئے۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سدرشن کمار اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔کمشنرسیکرٹری موصوف نے منتخب تربیت حاصل کرنے والوں کو مُبارک باد پیش کی اور اُنہیں مشورہ دیا کہ وہ اِنتہائی لگن کے ساتھ اَپنے فرائض کی اَنجام دہی کے لئے سخت محنت کریں۔ اُنہوں نے آئی ٹی آئی کے ان طلبأ کو روزگارکے مواقع فراہم کرنے پر کمپنی کا بھی شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے دوسرے فارغ التحصیل طلبأ پر زور دیا کہ وہ باوقار روزگار کے مواقع حاصل کرنے کے لئے اِس طرح کی پلیسمنٹ مہمات میں حصہ لیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف سکل ڈیولپمنٹ نے حال ہی میں اشوک لی لینڈ کے تعاون سے صوبہ جموں کے مختلف آئی ٹی آئیز میں آئی ٹی آئی فارغ التحصیل کے لئے ایک پلیسمنٹ مہم چلائی اور 17 اُمیدواروں کا انتخاب کیا۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ جموں یونیورسٹی اور سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے درمیان حال ہی میں ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے ہیں تاکہ جموںوکشمیر میں ایک بہتر سکل ایکو سسٹم کے قیام کے لئے سکل ڈیولپمنٹ اور سائنسی تحقیقی کو فروغ دیا جاسکے ۔ اِس مفاہمت نامے سے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو روزگار کے زیادہ مواقع اور سیلف اَنٹرپرینیورشپ اَقدامات میں مدد ملے گی۔اِس کے علاوہ ڈائریکٹوریٹ آف سکل ڈیولپمنٹ اپنے آئی ٹی آئی فارغ التحصیل طلبأ کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے سخت محنت کر رہا ہے اور پلیسمنٹ مہم چلانے کے مسلسل عمل میں ہے۔