ضلع ترقیاتی کمشنر نے سیاحت کے فروغ کیلئے ماحول کو پُر کشش بنانے پرزور دیا
گاندربل//ضلع اِنتظامیہ گاندربل نے آج تحصیل آفس کمپلیکس لار میں بلاک دیوس تقریب کا اِنعقاد کیاجس کی صدارت چیئر پرسن ڈی ڈی سی گاندربل نزہت اِشفاق اور ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے کی۔اِس اِجتماع میں پی آر آئی نمائندوں اور مقامی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی جنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ اور مختلف محکموں کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا اور ضلع ترقیاتی کمشنر کو کمیونٹی کو درپیش مختلف مسائل سے بھی آگاہ کیا۔اُنہوں نے جن مسائل کو ضلع ترقیاتی کمشنر کو گوش گزار کئے ان میں کھیل کے میدانوں کی ترقی، صاف پانی تک رسائی، بجلی کی بار بار کٹوتی، کوڑا کرکٹ اُٹھانے کا انتظام، سومو خدمات میں بہتری اور چراگاہوںکے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت شامل ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس کے جواب میں تمام شرکأ کی فعال شرکت پر شکریہ اَدا کیا ۔اُنہوں نے موہن مارگ اور لال مارگ علاقوں میں ترقیاتی اَقدامات میں اہم کردار کے لئے چیئر پرسن ڈی ڈی سی کا خصوصی شکریہ اَدا کیا۔اُنہوں نے سیاحتی بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے اور علاقے میں صفائی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے کمیونٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ اَپنے اردگرد کے ماحول کی ذمہ داری لیںاورانہیں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے جمالیاتی طور پر پُرکشش بنائیں۔مزید برآں، ڈی ڈی سی نے علاقہ کی صفائی اور حفظان صحت کو برقرار رکھنے میں اس کے کردار پر زور دیتے ہوئے رہائشیوں سے کوڑاکرکٹ ٹھکانے لگانے کے چارجز جمع کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اَپنے علاقے کی بہتری کے لئے فعال کردار اَدا کریں اور سیاحت کے فروغ کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی خاطر سب کو مل کر کام کرنے کی ترغیب دیں۔پروگرام میںاے ڈی ڈی سی مشتاق احمد سمنانی، اے ڈی سی گلزار احمد، سی پی او اور مختلف محکموں کے کئی دیگر ضلعی اور سیکٹرل افسران نے بھی شرکت کی۔










