سری نگر//کمشنرسیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سوربھ بھگت نے آج گورنمنٹ آئی ٹی آئی سری نگرباغِ دِلاور خان کیمپس کا دورہ کیا۔کمشنر سیکرٹری نے دورے کے دوران آٹوموبائل، آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس، الیکٹریکل، ہیرٹیج کرافٹ، گارمنٹس اور دیگر شعبوں سمیت مختلف شعبوں کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے تربیت حاصل کرنے والوں سے کہا کہ وہ ڈائریکٹوریٹ آف سکل ڈیولپمنٹ کے ذریعہ تیار کردہ گریڈنگ پورٹل کا باقاعدگی سے دورہ کریں اور آئی ٹی آئی کی فیکلٹی کا ایمانداری سے جائزہ لیں تاکہ ان کی مہارت کو آگے بڑھایا جا سکے۔کمشنر سیکرٹری نے عملے اور تربیت اَفراد سے بات چیت کے دوران صنعتی شعبے میں بدلتے ہوئے رجحانات کے ساتھ ہم آہنگ رہنے کے لئے موجودہ فیکلٹی کو ہنرمند بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ تیار شدہ سامان اورجابز کی سیل کے ذریعے اِدارے کی اِنٹرنل ریونیو جنریشن کی جائے ۔سوربھ بھگت نے متعلقہ اَفسران پر زور دیا کہ وہ اُمیدواروں کو صنعت پر مبنی سکل ڈیولپمنٹ تربیت دیں تاکہ پاس آؤٹ ہونے والے ٹرینیوں کو صنعتی دنیا میں آسانی سے جگہ مل سکے۔ اُنہوں نے تربیت حاصل کرنے والوں کو کمیونی کیشن سکلز سکھانے کے لئے کہا تاکہ ان کے لئے روزگار کے مواقع میں اِضافہ ہو۔ اُنہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے ٹرینیوں کی ٹریکنگ کے لئے ایک پورٹل تیار کرنے کے لئے بھی کہا۔بعد میں کمشنر سیکرٹری نے باغِ دِلاور خان کیمپس میں حال ہی میں حاصل کی گئی زمین کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے پرنسپل گورنمنٹ آئی ٹی آئی سری نگر کو موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں کہ وہ ورکشاپ بلاک کی جدید خطوط پر تعمیر کے لئے ڈی پی آر پیش کریں اور پہلی منزل پر 50 بستروں والے ہوسٹل کی فراہمی کی جائے ۔










