اَفسران کو پروگرام کے کامیاب اِنعقاد کیلئے تیار رہنے کی ہدایت
بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے ضلع میں بیک ٹو وِلیج کے پانچویں مرحلے کے پُر اَمن اِنعقاد کے لئے جامع ایکشن پلان پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے تمام متعلقہ اَفسران کی میٹنگ طلب کی۔اس موضوع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیاجس میں ضلع میں پرجوش رسائی پروگرام کے اِنعقاد کے لئے ایک جامع حکمت عملی مرتب کی گئی۔ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے مذکورہ پروگرام کے گذشتہ مراحل پر غور و خوض کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں حاصل کی گئی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور اس کے علاوہ عوامی اہمیت کے مسائل کو لوگوں کی دہلیز پر حل کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنرنے زور دے کر کہا کہ بیک ٹو وِلیج کا پانچواں مرحلہ پروگرام گذشتہ ایڈیشنوں کے قابل ستائش تاثرات کا نتیجہ ہے اور حکومت اور عوام کے درمیان موجودہ خلیج کو ختم کرنے کے لئے چلایا جارہا ہے ۔اُنہوں نے تمام محکموں کو قریبی تال میل کی تلقین کرتے ہوئے متعلقہ سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ پروگرام کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنائیں اور اُنہوں نے اُن پر زور دیا کہ وہ خود روزگار سکیموں، جل جیون مشن کی عمل آوری میں پیش رفت ، عمر رسیدہ پنشن سکیم سمیت فلاحی سکیموں کی تکمیل، ڈیلیوری ایبلز کے حصول میں پیش رفت او رعوامی اہمیت کے دیگر متعلقہ مسائل پر توجہ مرکوز کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَفسروں کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ سب ڈویژن سطح پر میگا ایونٹوں ، بلاک او رپنچایت کی سطح پر باقاعدہ کیمپ بیک ٹو وِلیج پروگرام کے دوران کمیونٹی کے ساتھ فعال طور پر منسلک کرنے کے مقصدسے منعقد کریں۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور شبیر احمد رینہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر ظہور احمد رینہ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ایم یوسف راتھر، ایس ڈی ایم پٹن، ایس ڈی ایم اوڑی، ایس ڈی ایم گلمرگ اور اے سی ڈی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔










