مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جموں میں ترنگا لہرایا

مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جموں میں ترنگا لہرایا

حکومت کے ترقیاتی اَقدامات پر روشنی ڈالی اورڈی آئی پی آر مقابلوں کے جیتنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے

جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے 77ویں یوم آزادی کی تقریبات کے موقعہ پر آج یہاں مولانا آزاد (ایم اے) سٹیڈیم میں ترنگا لہرایا۔مشیر موصوف نے پریڈ کامعائینہ کیا اوراُنہوں نے بارڈر سیکورٹی فورس ( بی ایس ایف ، سینٹرل اِنڈسٹریل سیکورٹی فورس ( سی آئی ایس ایف ) اِنڈین ریزروپولیس ( آئی آر پی ) ،جموں ضلع پولیس ، جموںوکشمیر آرمڈ پولیس ( جے کے اے پی ) ، سٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس ( ایس ڈی آر ایف ) ، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ، فارسٹ پروٹیکشن فورس اور پولیس اور بی ایس ایف کے براس بینڈ کے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔مختلف سکولوں کے طلباء نے بھی مارچ پاسٹ پیش کیا اور ثقافتی پرفارمنس پیش کی۔تقریب کے دوران سامعین نے دِلفریب ثقافتی پرفارمنس کا ایک سلسلہ دیکھ کر محظوظ ہوئے۔اِس تقریب میں جموںوکشمیر کلچر ل اکیڈمی کے فن کاروں ، طلباء اور جل جیون مشن اور دیہی ترقی کے محکمے کے شرکأ شامل تھے جن میں سے سبھی نے حب الوطنی پر مبنی شاندار پروگرام پیش کئے۔مشیر راجیو رائے بھٹنا گر نے اَپنے یوم آزادی کی تقریر میں کہا کہ حکومت جموںوکشمیر نے خطے کی ترقی ، خوشحالی اور مجموعی معیارِ زندگی کو فروغ دینے کے مقصد سے اہم پیش رفتوں اور اَقدامات کی نقاب کشائی کی ہے جس کا مقصد خطے کی ترقی، خوشحالی اور زندگی کے مجموعی معیار کو بڑھانا ہے۔ مشیر نے خطے میں سیاحت اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے اہم کردار پر زور دیا اور کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی میں جی ۔20 ٹورازم ورکنگ گروپ میٹنگ کا انعقاد خطے کی بھرپور ثقافتی اور سیاحت کی صلاحیت کو فروغ دینے پر نئے سرے سے توجہ مرکوز کرنے کی علامت ہے۔مشیر موصوف نے کہاکہ ہندوستان کے دیرپا ترقی کے اہداف کے اِنڈکس کے مطابق جموںوکشمیر نے حالیہ برسوں میں بہت ترقی کی ہے اور ’ پرفارمروں ‘ سے ’ فوری رنرز‘ کے زُمرے میں گریجویشن کیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس وقت تقریباً 7,000 کروڑ روپے کے 350 صحت منصوبے زیر تعمیر ہیں۔ اس کا مقصد 2023 ء تک ایمز جموں اور 2025 ء تک ایمز کشمیر کا قیام مکمل کرنا ہے جس پر لگ بھگ 4,000 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ ماں اور بچے کی صحت پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے، جس کے ظاہری نتائج سے بچوں کی اموات کی شرح میں کمی آئی ہے۔مزید برآں، 1,595 کروڑ روپے کی لاگت سے 7 نئے میڈیکل کالج قائم کئے گئے ہیں۔ 15 نرسنگ کالج قائم کرنے کا منصوبہ ہے جن میں سے 8 پہلے ہی کام کر رہے ہیں اور 2 (راجوری اور پلوامہ میں) جلد ہی شروع ہونے والے ہیں۔ مزید یہ کہ 212 کروڑ روپے کی لاگت سے کینسر کے 2 اِدارے کام کر رہے ہیں۔طبی تعلیم شعبے میں گزشتہ کچھ برسوں میںڈی این بی، ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، نرسنگ، اور پیرامیڈیکس جیسے مختلف کورسوں کی نشستوں کی تعداد بڑھا کر زائد اَز 2,100 کی گئی ہے۔ اِس کے علاوہ ایم بی بی ایس کی 600 نشستوں میں بھی اِضافہ کیا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی اہم پیش رفت میںمحکمہ تعمیرات عامہ نے اپریل 2020ء سے مارچ 2023 ء تک پی ایم جی ایس وائی ، نبارڈ اور سی آئی آر ایف سمیت مختلف سکیموں کے تحت کل 7,826 پروجیکٹ مکمل کئے ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 17,247 کلومیٹر سڑکوں کو بلیک ٹاپ میں اَپ گریڈ کیا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ 29,369.76 کروڑ روپے کی لاگت سے 15 پی ایم ڈی پی سڑک کے منصوبے چل رہے ہیں۔ ان میں سے بہت سے منصوبے اس برس کے آخیر تک مکمل ہونے کی اُمید ہے۔ جموں سری نگر قومی شاہراہ اچھی طرح سے ترقی کر رہی ہے جس کا 90فیصد سے زیادہ کام مکمل ہو چکا ہے۔پی ایم جی ایس وائی نے گزشتہ کچھ برسوںمیں 2,141 گاؤں میں سے 2,097 کو جوڑا ہے۔ باقی 44 گائوںمارچ 2024 ء تک منسلک ہو جائیں گے۔مشیر موصوف نے نچلی سطح پر ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی کو بااِختیار بنانے سے جمہوریت کو مضبوط کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف اِنتخابات کے ساتھ ساتھ فنڈ، فنکشنز اور فنکشنریز کو مضبوط کیا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پردھان منتری آواس یوجنا گرامین (پی ایم اے وائی ۔ جی) کے تحت3.39 لاکھ سے زیادہ معاملات کو منظوری دی گئی ہے جن میں سے تقریباً 1.36 لاکھ مکانات مکمل ہو چکے ہیں۔جموں و کشمیر یوتھ مشن سے ممکن ، تیجسوینی ، رائز ٹو گیدراور پرواز جیسی سکیمیں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو کاروباری بننے کے مواقع فراہم کر رہی ہیں۔اُنہوں نے کہا سال 2022 ء میں ریکارڈ 1.88 کروڑ سیاح آئے۔ صرف اس برس کے پہلے چھ مہینوں میں 1.10 کروڑ سیاح پہلے ہی یہاں آچکے ہیں۔ غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں 350 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی میں سرحدی سیاحت پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے dakshkisan.jk.gov.inپورٹل متعارف کیا ۔اِس پلیٹ فارم کا مقصد کسانوں کو اَگلے پانچ برسوں میں اہم وسائل اور مدد فراہم کرکے بااِختیار بنانا ہے ۔ سنگل وِنڈو پورٹل ( ایس ڈبلیو پی ) سے ڈیجیٹل تبدیلی کو نمایا ں کیا گیا جو کہ عمل کو آسان کرتا ہے اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ذرائع سے رشوت ستانی ختم ہوئی ہے اور صحت ، تعلیم ، بنیادی ڈھانچہ او رحکمرانی میں بہتری آئی ہے۔اِس موقعہ پرمشیر راجیو رائے بھٹناگر نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی جانب سے منعقد کئے گئے مختلف آن لائن مقابلوں کے فاتحین کو اَنعامات سے نوازا۔تقریب میں جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جج، میئر جموں میونسپل کارپوریشن راجندر شرما، ڈی ڈی سی چیئرمین جموں بھارت بھوشن ، ممبر پارلیمنٹ لوک سبھا جُگل کشور شرما، ممبر پارلیمنٹ راجیہ سبھا غلام علی کھٹانہ ، سٹیٹ الیکشن کمشنر بی آر شرما، ڈپٹی میئر جے ایم سی بلدیو سنگھ ، مختلف محکموں کے اِنتظامی سیکرٹریز ، اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ ، صوبائی کمشنر کشمیر جموں رمیش کمار ، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں اونی لواسا ، سربراہان ، پی آر آئی ممبران ، نامور شہری بھی موجود تھے۔