شراکت داروں سے سیاحتی مقامات پر تعمیراتی قوانین کا احترام کرتے ہوئے ماحولیات کو برقرار رکھنے میں مدد کی اپیل
گلمرگ// اظم سیاحت کشمیر راجا یعقوب جو گلمرگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کا چارج بھی سنبھالتے ہیں ،نے ’ میری ماں ، میرا دیش ‘ مہم کے تحت آل ٹیرین وہیکلز( اے ٹی وِی) کی ایک ریلی کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اِس موقعہ پر ایک شجرکاری مہم کا بھی اِنعقاد کیا گیا جس میں ناظم سیاحت نے گلمرگ گالف کلب کے احاطے میں ایک پودا لگایا۔ناظم سیاحت کشمیر نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’میری ماں، میرادیش‘ کا مقصد شہریوں کو ملک کو مضبوط اور خوشحال بنانے میں ان کے کردار اور ذمہ داری سے آگاہ کرنا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ سیاحتی شعبے اور اس سے وابستہ شراکت داروں کا اِس سلسلے میں ایک یقینی کردارہے۔اُنہوں نے محکمہ سیاحت کی کوششوں کے بارے میں کہا کہ سیاحوں کی آمد میں اِضافہ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کوشش کی گئی ہے کہ سیاح پیاری اور میٹھی یادوں کے ساتھ واپس لوٹیں۔اُنہوں نے اِس سلسلے میں محکمہ کی طرف سے اُٹھائے گئے بہت سے اَقدامات جیسے شکایات کا اَزالہ ، ہیلپ لائن ڈیسک کا قیام وغیرہ کا ذِکر کیا ۔ناظم سیاحت موصوف نے گلمرگ کی مخصوص ضروریات پر کہا کہ صفائی ستھرائی کو اوّلین ترجیح دی گئی ہے اور بہت سے متعلقہ حلقوں میں اِس سلسلے میں کوششوں کو سراہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مشہور سیاحتی مقامی پر کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے مقامی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔راجا یعقوب نے گلمرگ اور دیگر سیاحتی مقامات کے شراکت داروں سے اپیل کی کہ وہ ان مقامات کی ماحولیات کو برقرار رکھنے میں محکمہ کی مدد کریں اور عمارت کی اِجازتوں سے متعلق قواعد و ضوابط کا احترام کریں تاکہ اس جگہ کی خوبصورتی اور جمالیات برقرار رہے۔اِس سے قبل اے ٹی وی کے دستے کو ناظم سیاحت کشمیر نے محکمہ سیاحت ، جی ڈی اے ، جے اینڈ کے کیبل کارکارپوریشن کے سینئر اَفسران ، مقامی شراکت داروں اور گلمرگ کے دورے پر آنے والے سیاحوں کی موجود گی میں جھنڈی دِکھا روانہ کیا۔اے ٹی ویز کا دستہ پورے گلمرگ کے بائول سے گزر کر گالف کلب پر اِختتام پذیر ہوا۔










