گاندربل//سیکرٹری پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ ( نوڈل آفیسر یاترا بال تل ) ڈاکٹر راگھو لنگر نے بال تل میں جاری شری اَمرناتھ جی یاترا ۔2023ء کے اِنتظامات کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ابتداً ، سیکرٹری موصوف نے بال تل سے جاری شری اَمرناتھ جی یاترا کے احسن اِنعقاد کے لئے تمام اَفسروں اور شراکت داروں کی کوششوں کی سراہنا کی۔اُنہوں نے یاترا سے متعلق اِنتظامات ،مختلف ہالٹ سٹیشنوں اور راستے میں مختلف خدمات کی موجودہ صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔اُنہوں نے ہموار اور محفوظ جاری یاترا کو یقینی بنانے کے لئے درکار تجاویز طلب کیں۔ضلعی اَفسران اور دیگر شراکت داروں نے اِضافی گیٹس پر بہتری ، رین شیڈز کی بہتری ، اِنفراسٹرکچر کی بہتری، سروس فراہم کرنے والوں کے لئے شیلٹر شیڈز ، پارکنگ کے لئے وسیع جگہ ، آن لائن پری پیڈ پونی بُکنگ سروس، ٹریفک ،مینجمنٹ جیسی خدمات اور سہولیات کی بہتری ، یاترا سے متعلق ایڈوائزری کے اعلانات ، یاترا ٹریک کے ساتھ ریلنگ کو مضبوط کرنا اور دیگر تجاویز کے حوالے سے اَپنے خیالات کا اِظہار کیا ۔سیکرٹری نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو تجویز دی کہ موجودہ یوٹیلیٹیز کو اُجاگر کرتے ہوئے علاقے کا ایک لے آئوٹ پلان تیار کیا جائے اور مجوزہ لے آئوٹ کا مسودہ تیار کیا جائے گا جس میں مختلف خدمات کے لئے مثالی جگہیں دِکھائی جائیں گی اور ایک ماسٹر پلان کی تجویز دی جائے گی۔سی ایم او گاندربل کو میڈیکل آڈِٹ رِپورٹ ضلع ترقیاتی کمشنر کے ساتھ شیئر کرنے کو کہا گیا تاکہ صحت خدمات کو اِس کے مطابق اَپ گریڈ کیا جاسکے۔ڈاکٹر راگھو لنگر نے تمام محکموں اور دیگر شراکت داروں سے اِسی لگن کے ساتھ کام کرنے کو کہا او رشری اَمرناتھ جی یاترا کو ایک ماڈل یاترا بنانے کے لئے تعاون طلب کیا۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر ، ایس ایس پی گاندربل نکھل بور کر ، ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل مشتاق احمد سمنانی ، کیمپ ڈائریکٹر بال تل ، ایس ایس پی یاترا، سی پی او گاندربل ، ایس ڈی ایم کنگن اور دیگر ضلعی اَفسران نے شرکت کی۔ پولیس اور دیگر سیکورٹی اِداروں کے اعلیٰ اَفسران نے بھی شرکت کی۔










