ایک اندازے کے مطابق 4 کروڑ 90 لاکھ سے زائد لوگ سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں اور اوسطاً ایک شخص روزانہ 145 منٹ (تقریباً 2.5 گھنٹے) سوشل میڈیا استعمال کرتا ہے۔
اگرچہ سوشل میڈیا کا زیادہ تر استعمال دوستوں اور جاننے والوں سے رابطہ قائم کرنے، دفتری کام ہوسکتا ہے، اس کے علاوہ بھی دیگر کئی وجوہات ہوسکتی ہیں، لیکن لوگ سب سے زیادہ اسکرولنگ کرنے میں مصروف رہتے ہیں۔ اگرچہ سوشل میڈیا استعمال کرنے کے مثبت اثرات بھی ہیں لیکن دوسری جانب یہ بالخصوص نوعمر افراد اور نوجوانوں کے ذہنوں پر منفی اثرات بھی مرتب کرتا ہے۔
زیادہ تر نوجوان سوشل میڈیا ٹرینڈز کو آنکھیں بند کرکے فالو کررہے ہوتے ہیں بالخصوص جب ایسے ٹرینڈز یا ہیک کے پیچھے سائنسی، طبی حمایت حاصل نہ ہو۔
مثال کے طور پر سوشل میڈیا پر ایک ٹرینڈ وائرل ہورہا تھا جس میں بتایا جارہا تھا کہ بہتر نیند کے لیے منہ کو ٹیپ سے بند کرلیں، اس کے پیچھے یہ خیال تھا کہ منہ پر ٹیپ لگانے سے خراٹے نہیں آئیں گے جس کے نتیجے میں نیند بھی بہتر آئے گی۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کے سوشل میڈیا ٹرینڈز انسانی صحت پر انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔
تاہم، لاکھوں لوگ اس کے باوجود اس ٹرینڈ کو فالو کرتے ہیں اور ان کا تجربہ بھی کرتے ہیں، لیکن لوگ ایسا کیوں کرتے ہیں؟ آج ہم جاننے کی کوشش کریں گے کہ اس کے پیچھے کیا وجہ ہے؟
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق میو کلینک کے ڈاکٹر پال ای کروارکن کا کہنا ہے کہ کچھ ٹرینڈنگ ویڈیوز میں دیا گیا پیغام اس قدر قابل یقین ہوتا ہے کہ لوگ اسے سچ ماننے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا رابطے اور معلومات کا ایک اہم ذریعہ بن گیا ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے جو معلومات فراہم کی جاتی ہیں لوگ انہیں بغیر تصدیق کیے سچ مان لیتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے خطرناک ٹرینڈز
فائر چیلنج: اس چیلنج میں آئینے پر بنائی گئیں علامتوں کو آتش گیر مادہ استعمال کرتے ہوئے آگ لگا کر روشن کرنا ہوتا ہے۔
بلیک آؤٹ چیلنج: بلیک آؤٹ چیلنج فالوورز کو ترغیب دیتا ہے کہ وہ اس وقت تک اپنی سانس روکیں جب تک وہ بے ہوش نہ ہو جائیں۔ دار چینی کھانے کا چیلنج: جس میں سوشل میڈیا صارفین 60سیکنڈ کے اندر پانی پیئے بغیر دار چینی کھائیں۔ نمک اور برف کا چیلنج: جہاں لوگ اپنے بازوؤں پر نمک رکھنے کے بعد برف رکھتے ہیں، جس کے نتیجے میں نمک اور برف میں ہونے والے کیمیکل ری ایکشن سے برف کا ردجہ حرارت ایک دم منفی 17 ڈگری سینٹی گریڈ ہوجاتا ہے اور جلد میں تیز جلن ہونے لگتی ہے۔
کلینیکل سائیکالوجسٹ ڈاکٹر ارفع بانو کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا ٹرینڈز کو فالو کرنے کا مقصد لوگوں کے اندر دوسروں سے رابطہ قائم کرنے یا توجہ بھی ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے اشتہارات یا ٹرینڈز لوگوں کے ذہنوں پر بہت تیزی سے اثر انداز ہوتے ہیں، اس کی کئی وجوہات ہیں، جن میں پہلی وجہ یہ ہے کہ سوشل میڈیا کی پہنچ بہت وسیع اور تیز ہے، چند گھنٹوں میں کوئی بھی چیز ٹرینڈ یا وائرل ہو سکتی ہے اور نفسیاتی طور پر لوگ ایک دوسرے سے رابطہ قائم رکھنے یا سوشل میڈیا پر ایکٹو رہنے کے لیے وائرل ریل \ اشتہار \ ویڈیو دیکھتے ہیں اور ان کا تجربہ بھی کرتے ہیں۔ دوسری جانب کلینکل سائیکلوجسٹ ڈاکٹر صالحہ آفریدی کہتی ہیں کہ لوگ پیچیدہ مسائل کے فوری اور آسان جواب چاہتے ہیں اور انہیں وہ ٹرینڈ زیادہ متاثر کن لگتے ہیں جو میڈیکل سائنس پر مبنی نہیں ہوتے۔
یہ صرف ’نوجوان نسل‘ پر اثر انداز نہٰیں کررہا بلکہ انسان پیچیدہ مسائل کا آسان حل چاہتا ہے اسلیے ہر عمر کے افراد ان سوشل میڈیا ٹرینڈ کی لپیٹ میں آجاتے ہیں۔
میو کلینک کے ڈاکٹر پال کا کہنا ہے کہ عام طور پر نوجوان سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز پر زیادہ وقت گزارتے ہیں، جس کی وجہ سے نوعمر لوگوں اور نوجوان کے دماغ اور شخصیت میں تبدیلیاں آتی ہیں جو منفی بھی ہوسکتی ہیں۔










