30مئی کو مودی سرکارکے9سال مکمل ہونگے،30مئی تا30جون50ریلیوںکا منصوبہ
سری نگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو وزیر اعظم کے طور پر ان کے9 سالوں کی تعریف کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کا پیار ملنا ہمیشہ ہی عاجزی کا باعث ہوتا ہے اور مجھے عوام کیلئے مزید محنت کرنے کی طاقت بھی ملتی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق ہفتہ کی صبح وزیراعظم مودی نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ اپنی سربراہی والی حکومت کے 9سال مکمل ہونے پر بہت سے ٹویٹس دیکھ رہا ہوں جس میں لوگ اس بات کو اُجاگر کر رہے ہیں کہ انہوں نے 2014 سے ہماری حکومت کے بارے میں کیا تعریف کی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے لکھاکہ اس طرح کا پیار ملنا ہمیشہ ہی عاجزانہ ہوتا ہے اور اس سے مجھے عوام کیلئے مزید محنت کرنے کی طاقت بھی ملتی ہے۔وزیراعظم مودی کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت 30 مئی کو اپنی مسلسل 2میعادوں کے 9 سال مکمل کرنے والی ہے۔اس دوران ذرائع نے منگل کو بتایا کہ بی جے پی نے30 مئی سے شروع ہونے والے ایک مہینے کے لئے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر رسائی کا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بی جے پی30 مئی سے 30 جون کے درمیان پورے ملک میں تقریباً 50 ریلیاں منعقد کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہی ہے، جن کی قیادت وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے اور نصف درجن ریلیوں سے خطاب بھی کریں گے۔ذرائع کے مطابق اس مہم سے بی جے پی کی لوک سبھا انتخابات2024 کی تیاریوں کو بھی زور ملے گا جو تقریباً ایک سال بعدیعنی اپریل ،مئی 2024میں ہونے والے ہیں ۔مزیدبرآںذرائع نے بتایا کہ عوامی رسائی مہم کا آغاز 31 مئی کو راجستھان کے اجمیر میں وزیراعظم مودی کے ذریعہ ایک میگا ریلی کے ذریعے کیا جائے گا۔دیگر قائدین جو عوامی مہم میں حصہ لیں گے ان میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور دیگر شامل ہیں۔نریندر مودی نے پہلی بار وزیر اعظم کے طور پر26 مئی2014 کو حلف لیا تھا اور موصوف نے 30 مئی 2019 کو دوسری مدت کے لیے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔










