وزیراعظم مودی نے آسٹریلیا کے اپنے ہم منصب انتھونی البانیزکے ساتھ باہمی بات چیت کی

مائیگریشن، موبیلٹی ساجھیداری اور گرین ہائڈروجن کے شعبوں میں سمجھوتوں پر دستخط

سرینگر//وزیراعظم مودی نے آسٹریلیا کے اپنے ہم منصب انتھونی البانیزکے ساتھ باہمی بات چیت کی، بھارت اور آسٹریلیا نے مائیگریشن، موبیلٹی ساجھیداری اور گرین ہائڈروجن کے شعبوں میں سمجھوتوں پر دستخط کئے۔سی این آئی کے مطابق بھارت اور آسٹریلیا نے مائیگریشن اور موبیلٹی ساجھیداری کے شعبے نیز گرین ہائڈروجن ٹاسک فورس کے بارے میں سمجھوتوں پر دستخط کئے ہیں۔ آج سڈنی میں وزیراعظم نریندرمودی اور آسٹریلیا کے اْن کے ہم منصب Anthony Albanese کے درمیان باہمی بات چیت کے بعد مفاہمت ناموں کا تبادلہ کیاگیا۔میٹنگ کے بعد ایک مشترکہ پریس بیان میں وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ بھارت-آسٹریلیا تعلقات، باہمی اعتماد اور بھروسے پر مبنی ہیں۔پی ایم مودی نے کہا کہ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان کلیدی اشتراک کو مستحکم بنانے کے بارے میں تعمیری تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارت- آسٹریلیا جامع کلیدی ساجھیداری کو نئی بلندی پر لے جانے کے بارے میں بات چیت ہوئی۔پی ایم مودی نے اِس سال ہونے والے کرکٹ ورلڈکپ کیلئے آسٹریلیا کے وزیراعظم Anthony Albanese اور وہاں کے سبھی کرکٹ شائقین کو بھارت آنے کیلئے مدعو کیا۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے پہلے بھی آسٹریلیا میں مندروں پر حملے اور علیحدگی پسند عناصر کی سرگرمیوں کے معاملے پر آسٹریلیا کے اپنے ہم منصب کے ساتھ بات چیت کی تھی اور اب بھی یہ معاملہ زیر غور آیا۔مودی نے کہا کہ یہ بات قابل قبول نہیں کہ کچھ عناصر اپنی حرکتوں یا اپنی سوچ کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ اور پرتپاک تعلقات کو کوئی نقصان پہنچائیں۔مودی نے کہا کہ آسٹریلیا کے وزیراعظم نے انہیں پھر یقین دلایا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اس طرح کے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔آسٹریلیا کے وزیراعظم Anthony Albanese نے کہا کہ دونوں ملکوں نے اس سال کے اواخر میں باہمی جامع اقتصادی اشتراک سمجھوتے کو قطعی شکل دینے کی اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیاہے۔ نہوں نے بنگلورو میں آسٹریلیا کا ایک نیا قونصل جنرل قائم کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس سے بھارت کے تیزی کے ساتھ فروغ پاتے ہوئے ڈیجیٹل اور اختراعی نظام کے ساتھ آسٹریلیا کے کاروباری اداروں کو منسلک کرنے میں مدد ملے گی۔اس سے پہلے وزیر اعظم مودی کو روایتی گارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔ مودی تین ملکوں کے اپنے دورے کے تیسرے اور آخری مرحلے میں آسٹریلیا گئے ہوئے ہیں۔اس سے پہلے آسٹریلیا کے وزیراعظم اس سال مارچ میں بھارت کے سرکاری دورے پر آئے تھے۔