سرینگر//تھیٹر کے فنکاروں کی اداکاری اور ہدایت کاری کی مہارت کو اجاگر کرنے کیلئے ایک 12 روزہ ورکشاپ کا یہاں انعقاد ہوا ۔ نیشنل سکول آف ڈرامہ ( این ایس ڈی ) کے تھیٹر ان ایجوکیشن سنٹر کی طرف سے جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کے تعاون سے منعقد کی گئی ورکشاپ سرینگر میں این ایس ڈی سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔ افتتاحی سیشن کی قیادت نیشنل اسکول آف ڈرامہ کی نامور تھیٹر فیکلٹی نے کی جس میں پروفیسر سنتانو بوس ، دیپانکر پال ، یشراج جادھو اور سندیپ بھٹا چارگیا شامل تھے ۔ این ایس ڈی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد وادی کشمیر میں تھیٹر فنکاروں کو اداکاری اور ہدایت کاری کی مہارتوں پر صنعت کے معیارات سے روشناس کرانا ہے ۔ تھیٹر کے افراد ورکشاپ کے دوران اداکاری اور ہدایت کاری کے مختلف پہلوؤں پر مختلف موضوعات کا احاطہ کریں گے ورکشاپ کی نگرانی این ایس ڈی کے سینٹر آئی /سی پروفیسر سنتانو بوس کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر بوس نے کہا کہ ورکشاپ کشمیر کے فنکاروں کو مختلف مراحل اور پلیٹ فارمز پر اہم کردار ادا کرنے میں مدد دے گی ۔ تھیٹر ورکشاپ کو این ایس ڈی کے سرینگر کے کوارڈینیٹر گلزار گنائی نے ترتیب دیا ہے ۔ اس میں وادی کشمیر کے مختلف حصوں سے تقریباً 30 طلباء حصہ لے رہے ہیں ۔ اس موقع پر خطاب کرنے والوں میں این ایس ڈی کے سینٹر آئی /سی پروفیسر سنتانو بوس ، جے کے اے اے سی ایل کشمیر آئی /سی ڈاکٹر فاروق انور مرزا ، این ایس ڈی کے سرینگر کوارڈینیٹر گلزار گنائی اور این ایس ڈی کے فیکلٹی ممبران دیپانکر پال ، یشراج جادھو اور سندیپ بھٹا چارگیا شامل تھے ۔










