dooran news kashmir

ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان نے ڈی ایچ شوپیاں اور پی ایچ سی ٹکرو کا اَچانک دورہ کیا

ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائینہ کیا اور ہیلتھ کیئر کی خدمات کا جائزہ لیا

شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار واشیا نے وامی کو فراہم کی جارہی صحت خدمات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لئے ضلع ہسپتال شوپیان سمیت ضلع کے مختلف ہیلتھ مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے دورے کے دوران ڈسٹرکٹ ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائینہ کیا او روہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے او پی ڈی ، رجسٹریشن کائونٹر ، یو ایس جی سینٹر ، سی ٹی سکین روم ، وارڈوں اور ہسپتال کے دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور یو ایس جی اور سی ٹی سکین مشین کے کام کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اُنہیں ہسپتال میں آنے والے مریضوں ، تیمارداروں اور عام لوگوں کی دی جانے والی کلنیکل او رنان کلنیکل خدمات کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بی ایم او شوپیان ڈاکٹر محمد یوسف کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔بعد میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے پی ایچ سی ٹکرو کا معائینہ کر کے وہاں طبی سہولیات کاجائزہ لیا اور صحت ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ مریضوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کریں۔اُنہوں نے دونوں ہسپتالوں میں مریضوں سے بھی بات چیت کی اور اُنہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ہیلتھ کیئر سے متعلق مختلف مسائل پر عوام سے رائے طلب کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار واشیا نے حاضری بھی چیک کی او رہیلتھ کیئر ملازمین کو اِنتہائی لگن اور وقت کی پابندی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔