بارہمولہ// سینئر سپرانٹنڈنٹ آف پولیس بارہمولہ ، امود اشوک ناگپورے نے بدھ کو بونیار اوڑی کے اگلے علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں کی سیکورٹی کا جائزہ لیا۔ایس ایس پی بارہمولہ نے سرحدی چوکیوں کے کام کاج کا جائزہ لیا اور ایریا ڈومینیشن پلان کا جائزہ لینے اور انسداددراندازی گرڈ کو مضبوط بنانے کیلئے ایک میٹنگ کی۔جے کے این ایس کے مطابق ایس ایس پی بارہمولہ امود اشوک ناگپورے نے ڈپٹی سپرانٹنڈنٹ آف پولیس( پروبیشن) کبریٰ نذیر اور بونیار تھانے کے اسٹیشن ہاؤس آفیسرکے ہمراہ بونیار اوڑی کے کچھ اگلے یاسرحدی علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں کی سیکورٹی کا جائزہ لیا۔اس دوران ایس ایس پی ناگپورے نے بونیار علاقے میں پڑنے والی سرحدی چوکیوں کے موجودہ انفراسٹرکچر کا بھی جائزہ لیا۔افسران کے ساتھ بات چیت کے دوران، ایس ایس پی بارہمولہ امود اشوک ناگپورے نے انBOPs یعنی سرحدی نگرانی پوسٹس یاچوکیوںمیں تعینات جوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داری کے علاقوں میں انسداد دراندازی اور اسلحہ اور منشیات کی اسمگلنگ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اپنی بہترین کوششیں کریں اور فرائض کے تئیں لگن کو یقینی بنائیں۔سرحدی نگرانی چوکیوں BOPsکے بنیادی ڈھانچے کا حوالہ دیتے ہوئے، ایس ایس پی بارہمولہ ناگپورے نےBOPs کے بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنے اور انہیں مضبوط بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات دیں۔ایس ایس پی ناگپورے نے علاقے میں مجرمانہ سرگرمیوں کا بھی حوالہ دیا۔انہوںنے افسران پر زور دیا کہ وہ منشیات کے استعمال کے خلاف لڑنے اور معاشرے سے دیگر سماجی برائیوں کو ختم کرنے کیلئے مشنری جذبے کے ساتھ کام کریں۔مزید برآں، علاقے کے تسلط کے منصوبے کا جائزہ لینے اور بونیار کے علاقوں میں انسداد دراندازی گرڈ کو مضبوط بنانے کے لیے سیکیورٹی جائزہ اجلاس بھی منعقد ہوا۔










